آل محمد اقبال ڈپٹی میئر، ایم سی ڈی اور چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں نے رام لیلا میدان کا معائنہ کیا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –9  MAY

ایران کلچرل کونسلر نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی

نئی دہلی09؍مئی2023 : (پریس ریلیز): حج آپریشن 2023کے متعلق مختلف امور کی انجام دہی کو یقینی بنانے کے لیے ایم سی ڈی کے ڈپٹی میئر جناب آل محمد اقبال نے ایم سی ڈی کے مختلف محکموں کے افسران اور کارکنان کے ساتھ رام لیلا میدان کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر حج کمیٹی کی چیئر پرسن محترمہ کوثر جہاں،ممبران محترمہ نازیہ دانش (کونسلر)، محمد سعد، ایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عاری اور ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر جناب محسن علی نے ڈپٹی میئر جناب آل محمد اقبال کو رام لیلا میدان میں آئندہ12روز بعد لگنے والے حج کیمپ کے لیے ایم سی ڈی کی جانب سے مہیا کی جانے والی مختلف سہولیات کی فراہمی پر توجہ دلائی تاکہ 21؍مئی2023 سے شروع ہونے والی حج پروازوں کے لیے دہلی اور دیگر6ریاستوں سے حج ٹرانزٹ کیمپ میں آنے والے عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ ڈپٹی میئر نے ایم سی ڈی کے متعلقہ محکموں کے افسران اور کارکنان کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئے حج کمیٹی کی تجویز کے مطابق تمام تر مطلوبہ ضروریات اور سہولیات بروقت مہیا کرانے کی ہدایات جاری کیں۔

دوسری جانب دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج بیت اللہ2023کے لیے ریاست دہلی کے منتخب عازمین کو حج سے متعلق ارکان و مسائل اور مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں دوران قیام پیش آنے والے مختلف معاملات سے متعلق گذشتہ یکم مئی سے جاری حج تربیتی پروگرام کے آج آخری دن ہندوستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ثقافتی سفیر(کلچرل کاوٗنسلر) ڈاکٹر فریدالدین فرید عصر نے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل کا دورہ کیا اور عازمین حج کو اپنی اور حکومت اسلامی جمہوریہ ہند کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ہند کے ثقافتی سفیر نے حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں اورایگزیکٹو آفیسر جناب اشفاق احمد عارفی سے دہلی کے عازمین حج سے متعلق مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا اور حج کمیٹی کی جانب سے آئندہ ماہ اگست ؍ستمبر میں منعقد ہونے والے حج سمینارمیں ایران کلچرل ہاوٗس کی شراکت پر اپنی رضامندی کا اظہار کیا۔

واضح ہو کہ آج ہی حج آپریشن سے متعلق انتظامات کے لیے حکومت دہلی کے متعلقہ محکموں اور دیگر ایجنسیوں کی میٹنگ بھی پرنسپل سکریٹری کی صدارت میں بلائی گئی ہے۔ اس میٹنگ میں شامل ہونے والے محکموں میں اہم محکمے، ریوینیو، ڈیوسیب، ایم سی ڈی، محکمہ صحت،دہلی پولیس، دہلی ٹریفک، دہلی جل بورڈاور دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی متعلقہ ایجنسیاں ہیں۔