آگ لگنے سے اگربتی اور آئس کریم اسٹک بنانے والی صنعت جل کر راکھ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –12  MAY

گوہاٹی، 12 مئی:جمعہ کی علی الصبح گوہاٹی کے مضافات میں سونا پور تھانہ علاقہ کے سروتری علاقے میں واقع ایک صنعت میں اچانک آگ لگ گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق اگربتی اور آئس کریم کی اسٹک تیار کر نے والی ایسینٹ بیمبو انڈسٹری میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی گوہاٹی، سونا پور اورمیگھالیہ کے برنیہاٹ کی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔تقریباً7 گھنٹے سے زائد کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آگ کیسے لگی۔ پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہو گی۔غنیمت یہ رہی کہ واقعے کے وقت فیکٹری میں ایک بھی کارکن کام نہیں کر رہا تھا۔
دوسری جانب فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکار نے بتایا کہ انڈسٹری کو قوانین کوطاق پر رکھ کر چلایا جا رہا ہے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اس انڈسٹری کو کوئی این او سی نہیں دی گئی تھی۔ ہم معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کریں گے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
واقعے کے حوالے سے فیکٹری مالک نے بتایا ہے کہ فیکٹری میں پانی کا مکمل انتظام تھا۔ آگ لگنے کے بعد ہمیں بجلی کا کنکشن منقطع کرنا پڑا جس کی وجہ سے ہم آگ بجھانے کے لیے موٹر استعمال نہیں کر سکے۔ آگ میں مشین کے علاوہ تمام سامان جل کر راکھ ہو گیا۔
آگ سے ہونے والے املاک کے نقصان کا ابھی اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ پولیس اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کر کے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔