امریکہ میں نیو جرسی کی آئی ٹی کمپنی پر صرف ہندوستانیوں سے ملازمت کی درخواستیں طلب کرنے پر جرمانہ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –23  MAY

واشنگٹن، 23 مئی: امریکہ کے شہر نیو جرسی میں ایک انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کمپنی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس کمپنی’انفوسافٹ سولیوشن انک‘ پر مبینہ طور پر چھ بار ملازمتوں کے لئے تفریق پر مبنی اشتہارات شائع کرنے اور صرف ہندوستانیوں سے درخواستیں طلب کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے سول رائٹس ڈویژن کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کرسٹن کلارک نے کہا ہے کہ ایسا کرکے کمپنی نے ملک کے امیگریشن اینڈ سٹیزن شپ ایکٹ (آئی این اے) کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جب آجر صرف کسی خاص ملک کے درخواست دہندگان سے درخواستیں مانگتے ہیں یا جن کو عارضی ویزا کی ضرورت ہوتی ہے، تو وہ دوسرے اہل کارکنوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انفوسافٹ سولیوشن انک نے مبینہ طور پر ان اشتہارات میں صرف غیر امریکی شہریوں سے درخواستیں طلب کی تھیں اور ایک اشتہار میں تو صرف ہندوستان کے لوگوں سے درخواستیں مانگی گئی تھیں۔ کلارک نے کہا کہ شہری حقوق ڈویژن قومی نژاد یا شہریت کی حیثیت کی بنیاد پر امتیازی سلوک کو برداشت نہیں کرے گا۔
کلارک نے کہا کہ اب یہ کمپنی امریکی انتظامیہ کو 25500 ڈالر ادا کرے گی۔ کمپنی کو آئی این ای سے متعلق ضرورتوں پر اپنے امپلائرزکو تربیت دینی ہوگی ۔ روزگار کی پالیسی میں بھی مناسب تبدیلیاں لانا ہوں گی۔