انتخابی تشہیر میں بچوں کا استعمال ، الیکشن کمیشن کو مل رہی ہیں شکایتیں، درج ہونگی ایف آئی آر

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN – MAY

بنگلورو،7 مئی: اسمبلی انتخابات کی تشہیری مہم میں اگر کسی پارٹی یا امیدوار کی طرف سے کم عمر بچوں کو استعمال کیا جاتا ہے تو یہ قانوناً جرم ہے اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائیں گی۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اب تک مختلف شکلوں میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہونے پر 31 ایف آئی آر درج ہوچکی ہیں۔ جبکہ سوشیل میڈیا استعمال کرنے والے افراد نے خلاف قانون زمرے میں آنے والے اب تک 315 ویڈیوز ریاستی الیکشن کمیشن کے پاس کارروائی کے لئے بھیجے ہیں۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں روکنے کے لئے ضلع میں مختلف محکمہ جات کے افسران پر مشتمل کئی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس میں فلائنگ اسکواڈ، اسٹاٹیسٹکل سرویلینس، سی ویژیول ٹیم وغیرہ شامل ہے۔ بین الاضلاع اور بین الریاستی سرحدوں پر چیک پوسٹس قائم کیے گئے ہیں۔ کچھ دن پہلے سرسی حلقہ کے ایک امیدوار نے اپنی تشہیری مہم میں بچوں کو شریک کرنے کا معاملہ سامنے آنے پر سرویلینس ٹیم نے اس کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ اس کے علاوہ امیدواروں کی طرف سے دوسرے امیدواروں کے خلاف یا عام لوگوں کی طرف سے امیدواروں خلاف ہتک آمیز پوسٹس سوشیل میڈیا وغیرہ پر پوسٹ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔