TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –19 MAY
لکھنو،19مئی:سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے دیگر پسماندہ ذاتوں (او بی سی) کو ان کا جائز حصہ دلانے کے لیے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے خلاف ریاست گیر احتجاج کی دھمکی دی ہے۔ گرام پنچایت افسر کی بھرتی کے لیے او بی سی سیٹوں کی الاٹمنٹ میں تخفیف پر اکھلیش نے کہا کہ یہ بی جے پی کی ریزرویشن مخالف ذہنیت کا نتیجہ ہے۔اکھلیش نے کہا کہ اتر پردیش ماتحت خدمات سلیکشن کمیشن (یو پی ایس ایس ایس سی) نے ایک اشتہار جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ گرام پنچایت افسر کی 9.5 فیصد اسامیاں او بی سی کے لیے مختص کی گئی ہیں، جبکہ قواعد کے مطابق او بی سی کے لئے 27 فیصد ریزرویشن ہونا چاہئے۔ حکومت او بی سی کو ان کے حقوق سے محروم کر رہی ہے اور ہم اس کی جازت نہیں دے سکتے۔ ہم جلد تحریک شروع کریں گے۔ جب سماجی انصاف فراہم کرنے کی بات آتی ہے تو بی جے پی کی ذہنیت رکاوٹ بن رہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پارٹی قائدین اس معاملے پر ہائی کورٹ سے رجوع کرنے پر غور کر رہے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو قانونی جنگ سپریم کورٹ تک لے جائیں گے۔وہیں، ایس پی کے ترجمان راجندر چودھری نے کہا ’’یو پی ایس ایس ایس سی میں 1468 عہدوں میں سے 849 عام امیدواروں کے لیے، 117 معاشی طور پر کمزوروں کے لیے، 139 او بی سی کے لیے، 356 ایس سی کے لیے اور 7 ایس ٹی کے لیے مختص ہیں۔ اصولوں کے مطابق او بی سی کو 27 فیصد ریزرویشن ملنا چاہئے جوکہ تقریباً 396 آسامیوں پر آتا ہے لیکن اشتہار کے مطابق او بی سی کو صرف 9.5 فیصد ریزرویشن دیا جائے گا جوکہ 139 آسامیوں پر آتا ہے، یہ ناقابل قبول ہے۔‘‘