ایم ایس دھونی نے اپنے رویہ سے لیجنڈ ہونے کا احساس کرایا:تشار پانڈے

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –31  MAY    

نئی دہلی ، 31مئی:چنئی سپر کنگز آئی پی ایل 2023 کی فاتح بن گئی۔ ٹیم نے فائنل میچ میں دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ 28 مئی کو کھیلا جانے والا فائنل میچ بارش کی وجہ سے 29 مئی (ریزرو ڈے) کو کھیلا گیا۔ حالانکہ اس دن بھی بارش ہوئی تھی، جس کے بعد چنئی نے ٹائٹل میچ ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت 5 وکٹوں سے جیت لیا۔ اب اسی درمیان چنئی کے تیز گیند باز تشار دیشپانڈے نے ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔چنئی کے اسٹار فاسٹ بولر تشار دیش پانڈے نے انکشاف کیا کہ مہنگا بولر ثابت ہونے کے بعد بھی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انہیں ٹیم میں ہونے کی گارنٹی دی۔ تشار دیش پانڈے سیزن میں کچھ مہنگے ثابت ہوئے لیکن انہوں نے ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 21 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے ساتھ، تشار نے اس سیزن کے پہلے لیگ میچ سے فائنل تک چنئی کے لیے تمام میچ کھیلے۔دوسری جانب تشار دیش پانڈے نے انڈین ایکسپریس کو بتایاکہ ایک بار جب میں نے اچھی گیند بازی نہیں کی، تو ایم ایس دھونی آئے اور کہا کہ نئے ایمپیکٹ پلیئر کے اصول کے ساتھ، 200+ ٹوٹل نیا معمول ہے اور انہوں نے کہا کہ آپ فکر نہ کریں۔ انہوں نے مجھے وہ سیکیورٹی دی جس کی نوجوان کھلاڑیوں کو ضرورت ہے۔چنئی کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ تشار دیشپانڈے سب سے زیادہ رنز دینے والے گیند باز بھی تھے۔ اس نے پورے سیزن میں 16 میچوں میں 56.5 اوورز کرائے، 9.92 کی اکانومی سے 564 رنز دیئے۔ اس دوران انہوں نے 21 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔تشار دیش پانڈے نے 2020 میں اپنا آئی پی ایل ڈیبیو کیا تھا، تب سے وہ ٹورنامنٹ میں 23 میچ کھیل چکے ہیں۔ ان میچوں میں بولنگ کرتے ہوئے تشار نے 32.76 کی اوسط سے 25 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس دوران ان کی اکانومی 10.13 رہی۔