بائیڈن کی عدم شرکت پر آسٹریلیا کا کواڈ اجلاس منسوخ کرنے کا اعلان

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –17  MAY

واشنگٹن،17مئی:آسٹریلیا نے امریکی صدر جو بائیڈن کے کواڈ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے اعلان کے بعد چار ملکوں کی تنظیم کے اجلاس کو منسوخ کر دیا ہے۔آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے بغیر آئندہ ہفتے سڈنی میں منعقدہونے والا کواڈ اجلاس نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ کواڈ اجلاس نہیں ہو سکے گا لیکن اس تنظیم میں شامل ملکوں کے سربراہان آئندہ ہفتے جاپان میں جی سیون اجلاس کے موقع پر بات چیت کریں گے۔واضح رہے کہ امریکہ، آسٹریلیا، بھارت اور جاپان پر مشتمل چار ملکوں کے اتحادکا اجلاس 24 مئی کو سڈنی میں ہونا تھا۔ اس سے قبل جاپان 19 سے 21 مئی تک جی سیون ملکوں کے اجلاس کی سربراہی کرے گا۔امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے ملک کے ڈیفالٹ کے خدشے کے پیشِ نظر اپنی مصروفیات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے دورہ آسٹریلیا منسوخ کر دیا ہے۔وائٹ ہائوس کی پریس سیکریٹری کیرن جین پیری نے کہا ہے کہ صدر جو بائیڈن اتوار کو جی سیون ملکوں کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس لوٹ آئیں گے اور کانگریس کے رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صدر بائیڈن اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ کانگریس ملک کے ڈیفالٹ کو روکنے کے لیے قرض کی حد کو بڑھانے کے لیے کارروائی کرے۔یاد رہے کہ امریکی وزیرِ خزانہ جینٹ یلنپہلے ہی آگاہ کر چکی ہیں کہ اگر کانگریس نے قرض کی حد کو نہ بڑھایا تو یکم جون کے بعد حکومت کے پاس ادائیگیوں کے لیے رقم نہیں ہو گی اور ملک ڈیفالٹ بھی ہو سکتا ہے۔ ایسے میں امریکہ کی معیشت کو پہنچنے والے نقصان سے 80 لاکھ سے زائد ملازمتوں کیختم ہونے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔اس سلسلے میں وزیرِ خزانہ کانگریس رہنمائوں کو خطوط بھی لکھ چکی ہیں۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ امریکی صدر نے ملک کے اندر بجٹ معاملات پر پائی جانے والی بے چینی کی وجہ سے کسی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہو۔ اس سے قبل سابق صدر براک اوباما نے 2013 میں امریکہ میں شٹ ڈائون کی وجہ سے ایشیا پیسیفک اقتصادی تعون کیسربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔