بدامنی میں ملوث افراد کی زمان پارک میں موجودگی کا دعویٰ،پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا امکان

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –19  MAY

لاہور،19مئی: سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی لاہور میں واقع رہائش گاہ زمان پارک کی طرف جانے والے تمام راستے دوسرے روز بھی بدستور سیل ہیں اور پولیس کی بھاری نفری مختلف مقامات پر تعینات ہے۔لاہور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیاء￿ الرحمٰن کے مطابق نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے مبینہ طور پر زمان پارک میں موجودگی کے حکومتی دعوے کے بعد آج عمران خان کی رہائش گاہ کی تلاشی کا امکان ہے۔اس سلسلے میں حکومت اور تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات ہوں گے۔ حکومتی ٹیم کی سربراہی کمشنر لاہور کریں گے جب کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے بعد اتفاق ہونے کی صورت میں 400 اہلکار عمران خان کے گھر کی تلاشی لیں گے۔واضح رہے کہ پنجاب کی نگراں حکومت کے وزیرِاطلاعات عامر میر نے بدھ کو دعویٰ کیا تھا کہ نو مئی کے واقعات میں ملوث 30 سے 40 مرکزی کردار زمان پارک میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور انہیں پولیس کے حوالے کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم بھی دیا تھا۔نگراں حکومت کے اس دعوے کے بعد پولیس نے زمان پارک جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا تھا تاہم عمران خان نے بعض میڈیا نمائندوں کو اپنے گھر کی ویڈیو بنانے کی بھی اجازت دی تھی۔عمران خان کا دعویٰ ہے کہ حکومت ان کے گھر میں شرپسندوں کی موجودگی کا دعویٰ کر کے کوئی آپریشن کرنا چاہتی ہے۔