Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3 MAY
لندن ،3مئی:برطانوی بادشاہ چارلس سوم کی تاجپوشی 6 مئی کو ہو گی تاہم اس اہم تقریب سے چار روز قبل بکنگھم پیلس پر حملہ ہوا ہے پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی بادشاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب 6 مئی کو لندن میں ہو گی تاہم اس اہم تقریب کے انعقاد سے صرف چار روز قبل بکنگھم پیلس پر حملہ ہوا ہے۔ پولیس نے حملہ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس کے قبضے سے چاقو برآمد ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق ملزم نے شاہی محل کے باہر کنٹرولڈ دھماکا کیا اور محل کے میدان میں شارٹ گن کے کارتوس بھی پھینکے۔عینی شاہدین نے مشتبہ شخص کو یہ کہتے سنا تھا کہ بادشاہ کو قتل کردوں گا جب کہ ملزم کئی روز سے محل کے باہر قیام کیے ہوئے تھا۔حملے میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی رپورٹ کے مطابق جس وقت بکنگھم پیلس پر حملہ ہوا اس وقت شاہ چارلس اور کنسورٹ کمیلا پارکر شاہی محل میں موجود نہیں تھے۔واضح رہے کہ برطانوی باد شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی بروز ہفتہ لندن کے ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوگی، تاج پوشی سے پہلے ہی لندن سیاحوں سے بھر گیا، تاج پوشی کی تقریب کی وجہ سے ویک اینڈ پر سینٹرل لندن کی متعدد سڑکیں بند ہوں گی۔رپورٹس کے مطابق تاج پوشی کی تقریب میں 2 ہزار افراد کو مدعو کیا گیا ہے، پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے۔برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کی تقریب میں کئی ممالک کو مدعو نہیں کیا گیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تقریب میں روس، بیلاروس، ایران، میانمار، افغانستان، شام اور وینزویلا کو بھی مدعو نہیں کیا گیا۔خبر ایجنسی کے مطابق تقریب میں شمالی کوریا، نکاراگوا کے سربراہان مملکت کے بجائے اعلیٰ سفارتکاروں کو بلایا گیا ہے جب کہ شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں 200 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی کو ویسٹ منسٹر ایبے میں ہو گی۔یاد رہے کہ ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد شاہ چارلس سوم برطانیہ کے بادشاہ بنے ہیں۔