بریک اپ کے 22 سال بعد ایک ساتھ نظر آئے اکشے کمار اور روینہ ٹنڈن

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –8  MAY

اداکار اکشے کمار اور روینہ ٹنڈن کے عشق کی کہانی اور بریک اپ بالی ووڈ میںکافی موضوع بحث رہا ہے۔ ان کے بریک اپ کو دو دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے جس کے بعد دونوں نے الگ الگ لوگوں سے شادیاں کیں اور اپنی زندگی کو آگے بڑھایا۔ مداحوں کو روینہ اور اکشے کو بریک اپ کے اتنے سالوں بعد پہلی بار ایک ساتھ دیکھنے کا موقع ملا۔
روینہ ٹنڈن اور اکشے کمار نے ایک ایوارڈ شو میں شرکت کی۔ اس بار دونوں اسٹیج پر ایک ساتھ نظر آئے۔ یہی نہیں دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور باتیں کرتے بھی نظر آئے۔ اس شو میں اکشے کمار کو ’’موسٹ اسٹائلش مین 2023‘‘ کا ایوارڈ دیا گیا۔ روینہ ٹنڈن اسے دینے کے لیے اسٹیج پر آئیں۔ اکشے جب ایوارڈ لینے اسٹیج پر آئے تو انہوں نے روینہ کو گلے لگا لیا۔ اس کے بعد روینہ نے اکشے کمار کو ایوارڈ دیا۔ اہم بات یہ ہے کہ اکشے کمار اور روینہ ٹنڈن کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس میں دونوں ایک ساتھ باتیں کرتے نظر آ رہے ہیں۔ اس میں روینہ اکشے سے کچھ کہتی ہیں، جہاں اکشے سر ہلاتے ہوئے ہاں کہتے نظر آ رہے ہیں۔
اکشے اور روینہ 1994 میں فلم ’موہرا‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ اس کے بعد 1995 میں ان کی ڈیٹنگ کی خبروں کا بہت چرچا ہوا۔ خبریں یہ بھی تھیں کہ دونوں نے مندر میں منگنی کر لی ہے لیکن یہ رشتہ زیادہ دیر نہیں چل سکا۔ اکشے کے ریکھا کے قریب آنے کی باتیں بھی ہو رہی تھیں۔ روینہ کو یہ بالکل پسند نہیں آیا جس کے بعد کہا جاتا ہے کہ ان کا ریکھا سے جھگڑا ہوگیاتھا۔ روینہ اور اکشے بریک اپ کے بعد کبھی ایک ساتھ نظر نہیں آئے۔ لیکن اس شو کے موقع پر ان کے مداح اتنے سالوں بعد ان دونوں کو ایک ساتھ دیکھ سکے۔