بنگلہ دیش کی ایشیا کپ کے میچز دبئی میں کرانے کی مخالفت

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –18  MAY

نئی دہلی ،18مئی:ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایشیا کپ کو لے کر تنازعہ کے درمیان اب بنگلہ دیش کی بھی انٹری ہو گئی ہے ۔پاکستان کی جانب سے کسی غیر جانبدار مقام پر ایشا کپ کے میچز کرانے کی پیش کش کے درمیان دبئی کا نام زیر بحث تھا ۔مگر اب دبئی کے نام پر بنگلہ دیش نے مخالفت شروع کر دی ہے ۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ 2023 کے میچز دبئی میں کرانے کی مخالفت کر دی۔بی سی بی کے ذرائع مطابق ہائبرڈ ماڈل پر کوئی اعتراض نہیں، یو اے ای کا وینیو قبول نہیں، وہاں گرمی بہت زیادہ ہے، کرکٹرز راضی نہیں ہیں۔
ایونٹ کے سری لنکا میں بھی ہونے پر کوئی اعتراض نہیں، پی سی بی سے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان جانے سے انکار نہیں ہے۔ایشیا کپ ایک ہی وینیو پر ہو تو یہ زیادہ مناسب بات ہے، پاکستان میزبان ہے، اے سی سی اور پاکستان نے مل کر فیصلہ کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر ایونٹ پاکستان کی میزبانی میں نیوٹرل وینیو پر کرانے پر بات ہو گی، اے سی سی کے اہم اجلاس میں تمام تر معاملات پر بات ہو گی۔