بھونیشور کمار کا بڑا کارنامہ، 25سے زیادہ رن بنانے والے آئی پی ایل میں دوسرے گیند باز

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –16  MAY

نئی دہلی،16مئی:اگرچہ سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) کی کارکردگی آئی پی ایل 2023 (آئی پی ایل) میں اتنی اچھی نہیں رہی ہے اور ٹیم کو لگاتار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن ٹیم کے تجربہ کار تیز گیند باز بھونیشور کمار نے اپنی کارکردگی سے سب کو ضرور متاثر کیا ہے۔ انہوں نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف میچ میں بھی اچھی بولنگ کی اور اس دوران انہوں نے ایک بڑا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔
سن رائزرز حیدرآباد کے لیے گجرات ٹائٹنز کے خلاف میچ میں خطرناک بولنگ کرتے ہوئے بھونیشور کمار نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اپنے چار اوور کے اسپیل میں صرف 30 رن دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اگر بھونیشور کمار نے اتنی اچھی گیند بازی نہ کی ہوتی تو گجرات ٹائٹنز کی ٹیم اس سے بھی بڑا اسکور بنا سکتی تھی۔ حالانکہ بھوی نے آخری اوور میں زیادہ رنز نہیں بننے دیے۔
اس کے بعد بھونیشور کمار نے بھی بیٹنگ میں 27 رن جوڑے۔ مجموعی طور پر انہوں نے بہترین آل راؤنڈ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی بھونیشور کمار نے آئی پی ایل کا ایک بڑا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ آئی پی ایل میں پانچ وکٹیں لینے کے علاوہ وہ 25 سے زیادہ رن بنانے والے دوسرے بولر بھی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل رویندر جڈیجہ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں جنہوں نے 2012 میں دکن چارجرز کے خلاف 48 رنز بنانے کے علاوہ 16 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
بتادیں کہ کہ نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گجرات ٹائٹنز کی ٹیم نے سن رائزرز حیدرآباد کو 34 رنز سے شکست دی تھی۔ گجرات ٹائٹنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں شبھمن گل کی شاندار سنچری کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 188 رن بنائے۔ جواب میں سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 154 رن ہی بنا سکی۔