Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2 MAY
پٹنہ بہار میں گرینڈ الائنس حکومت نے آج کابینہ میں 1,78,000 سے زیادہ اساتذہ کی بحالی کو منظوری دے دی ہے۔ بھرتی کا عمل جلد شروع ہو جائے گا۔ کچھ دن پہلے کابینہ میں بہار پولیس میں 75,543 عہدوں پر تقرری کی منظوری دی گئی تھی جس میں 68,360 آسامیوں پر براہ راست بھرتی ہوگی۔ چیف منسٹر نتیش کمار کی صدارت میں منگل کو بہار کی کابینہ کی میٹنگ میں 1.78 لاکھ اساتذہ کی تقرری سے متعلق فیصلے کو منظوری دی گئی۔ ان اساتذہ کی تقرری بی پی ایس سی کے ذریعے کی جائے گی۔ بہار حکومت کے فیصلے کے مطابق پہلی سے پانچویں جماعت کے 85 ہزار 477 اساتذہ، چھٹی سے آٹھویں جماعت کے 1 ہزار 745، نویں سے دسویں جماعت کے 33 ہزار 186 اور گیارہویں سے بارہویں جماعت کے 33 ہزار 186 اساتذہ کو بحال کیا گیا ہے۔ بہار میں اساتذہ کی بھرتی کے ساتھ ہی بہار حکومت نے اساتذہ کی بنیادی تنخواہ کو بھی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ کے فیصلے کے مطابق گیارہویں سے بارہویں جماعت کے اساتذہ کی بنیادی تنخواہ 32 ہزار، نویں سے دسویں جماعت کے اساتذہ کی 30 ہزار، چھٹی سے آٹھویں جماعت کے اساتذہ کی 28 ہزار اور پہلی سے پانچویں جماعت کے اساتذہ کی 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔بہار حکومت نے اساتذہ کی تقرری کے قوانین کو منظوری دے دی ہے۔ اس کے تحت ٹی ای ٹی اور ایس ٹی ای ٹی پاس امیدواروں کو ٹیچر کی تقرری کے لیے بی پی ایس سی کا امتحان پاس کرنا ہوگا۔ تاہم حکومت کے اس فیصلے کی کئی اساتذہ تنظیموں اور امیدواروں کی طرف سے مخالفت کی جا رہی ہے۔