بی جے پی کی تشہیری مہم میں یوگی آدتیہ ناتھ کی شرکت

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN – MAY

بنگلورو، 7 مئی: بی جے پی کی انتخابی تشہیر کے لئے یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سینٹ انتھونی میدان میں منعقدہ جلسہ میں شرکت کی اور حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی بجرنگ دل پر پابندی لگانے کی بات اس لئے کہہ رہی ہے کیونکہ کانگریس ایک بھوت ہے اور ہنومان کا جاپ کرنے سے بھوت پریت خوف زدہ ہو کربھاگ جاتے ہیں۔ کیسے ہی راکشس کیوں نہ ہوں وہ سب بجرنگ بلی (ہنومان) کے سامنے بھاگ جاتے ہیں۔ یوگی نے اپنے دس منٹ کے خطاب میں کہا کہ بجرنگ دل پر پابندی لگانے کا مطلب یہاں پی ایف آئی اور آئی ایس آئی ایس کو دعوت دینا ہے۔ ہم نے یو پی میں جس طرح مافیا، دہشت گردی جرائم پیشہ کی کمر توڑی ہے اسی طرح کرناٹک میں بھی پی ایف آئی اور آئی ایس آئی ایس کی کمر توڑ کر رکھ دیں گے۔ اس لئے ساحلی علاقے میں بی جے پی کے امیدواروں کو کامیاب بنانا ضروری ہے۔ ایڈی یورپا اور بومئی کی قیادت میں انجنادری میں شاندار ہنومان مندر تعمیر ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی اور پوری دنیا میں اس کی شہرت جن سے برداشت نہیں ہو رہی ہے وہ لوگ وزیر اعظم نریندارا مودی کی مخالفت کرتے ہیں۔ میں اس وقت رام کی سرزمین سے پرشو رام کی سر زمین پر آپ کو رام مندر کے افتتاح میں شرکت کی دعوت دینے کے لئے آیا ہوں۔ کرناٹک کی سرزمین سے ملک کی ترقی کو بہت ہی زیادہ تعاون ملا ہے۔ اس سے بھارت ایک طاقتور ملک بن گیا ہے۔ اس جلسہ میں بی جے پی کے ریاستی صدر نلین کمار کٹیل، بھٹکل – ہوناور حلقہ کے امیدوار سنیل نائک، کمٹہ – ہوناور حلقہ کے امیدوار دینکر شیٹی، بی جے پی ضلع صدر وینکٹیش نائک اور دیگر ذمہ داران اسٹیج پر موجود تھے۔