تحریک انصاف پر پابندی عائدکرنا واحد حل ہے:رانا ثناء اللہ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –14  MAY

اسلام آباد ،14مئی:وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر ایک دہائی کے دوران ملک بھر میں ہزاروں شرپسندوں کو بھرتی کرکے تربیت دینے اور مسلح کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانا واحد حل ہے۔ رپورٹ کے مطابق رانا ثنا اللہ نے کئی معاملات میں پی ٹی آئی چیئرمین کو غیر معمولی ریلیف دینے پر سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا-اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری (جنہوں نے رواں ہفتے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی تجاویز کو ٹھکرا دیا تھا) نے اس تجویز کی مخالفت نہیں کی۔رانا ثنا اللہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے دراصل یہ کہا تھا کہ وہ سیاسی جماعتوں پر پابندی کو پسند نہیں کرتے لیکن اگر وہ (عمران خان) اپنا رویہ نہیں بدلتے تو ہم ایسا کرنے پر مجبور ہوں گے۔عدلیہ کے کردار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے نہ صرف ایک ’مجرم‘ کا خیرمقدم کیا بلکہ عمران خان کے بطور مہمان سرکاری عمارت میں اپنی مرضی کے مہمانوں سے ملنے کی آزادی کا حکم بھی دے دیا، اس عمل کے نتائج برآمد ہوں گے کیونکہ یہ دوسروں کو اپنے عزائم حاصل کرنے کے لیے دہشت گردوں کو شامل کرنے کی ترغیب دے گا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد آتشزدگی اور توڑ پھوڑ میں ملوث مظاہرین کو بخشا نہیں جائے گا، ان تمام ’غنڈوں نے عمران خان کی ہدایت پر گھروں اور دفاعی تنصیبات کو جلایا، سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج کے ذریعے ان کی شناخت کی جائے گی۔مظاہرین کی تعداد کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد شروع ہونے والے 3 روزہ فسادات میں تقریباً 40 ہزار سے 45 ہزار لوگ ملوث تھے۔تاہم وہ اس سوال کا کوئی واضح جواب نہ دے سکے کہ اگر مظاہرین کی تعداد اتنی کم تھی تو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو کیوں طلب کیا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود حکومت بے بس کیوں نظر آئی۔14 مئی کو پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد میں ناکامی پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی صورت میں حکومت کے رد عمل سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہونے دیں، ہم دیکھ لیں گے۔