جامعہ محمود المدارس کشن گنج میں ریاستی حج کمیٹی کی طرف سے حج تربیتی جلسہ کا انعقاد

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN – MAY

کشن گنج،7مئی: جامعہ محمود المدارس کشن گنج میں ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے حج تربیتی جلسہ کا انعقاد عمل میں آیا جس میں خاص طور پر حضرت مولانا انوار عالم ناظم عمومی دارالعلوم بہادرگنج مدعو رہے۔ ان کے علاوہ حج بھون پٹنہ سے مفتی عبیداللہ اور حاجی صغیر احمد نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ مولانا مشفق مظاہری ناظم جامعہ ہذا اور مولانا آفتاب اظہر صدیقی صوبائی انچارج راشٹریہ علماء کونسل نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ مفتی نور الابصار نے حج کے مسائل پر سیر حاصل گفتگو فرمائی اور حج کے تمام ارکان بتائے۔
مفتی عبید اللہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ حاجی کے لیے خوش نصیبی کی بات ہے کہ مدینہ منورہ میں اس کی حاضری ہو، انہوں نے بتایا کہ حج اور عمرہ دونوں عبادتیں مکہ مکرمہ میں انجام دی جاتی ہیں؛ لیکن مدینہ کی حاضری ایک روحانی اور محبت کی حاضری ہوتی ہے؛ لہذا عازمین سے گزارش ہے کہ وہ مدینے کی حاضری میں بہت زیادہ ادب ملحوظ رکھیں، روضے کے پاس سلام پیش کریں اور ریاض الجنۃ میں نماز ادا کریں۔
نیز مسجد نبوی میں تکبیر اولی کے ساتھ چالیس نمازیں ادا کرنے کی سعادت حاصل کریں۔ حاجی صغیر احمد نے عازمین کے لیے حکومت کی طرف سے جاری کی گئی گائیڈ لائن بتائی اور کہا کہ ہر عازم نکلنے سے پہلے پوری تربیت اچھی طرح جان لے۔ قاری مشکور احمد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بیت اللہ کا حج کرنا بڑی سعادت کی بات ہے، انہوں نے کہا کہ میں تمام عازمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں آپ حضرات سے گزارش ہے کہ حرمین کی دعاؤں میں اپنے تمام رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ اس ادارہ کو بھی یاد رکھیں۔ قاری مشکور احمد نے تمام عازمین کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
آخر میں حضرت مولانا انوار عالم صاحب ناظم عمومی دارالعلوم بہادرگنج نے وعظ فرمایا اور اس میں اخلاص نیت کی بات کہی، انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہمیں اپنی نیتوں کو درست کرنے کی ضرورت ہے، حج کے لیے جارہے ہیں تو دل میں صرف رضائے الٰہی کا جذبہ ہو اس کے علاوہ تمام تر تقاضے پس پشت ڈال دیں، اگر ہم نے خلوص نیت کے ساتھ حج کے تمام ارکان ادا کیے تو اللہ کی بارگاہ میں ہمارا حج مقبول اور مبرور لکھا جائے گا ان شاء اللہ!
ناظم صاحب کی دعا پر ہی جلسہ اختتام پذیر ہوا۔شرکاء میں مولانا اکرام الحق قاسمی، مولانا ساجد ندوی بیلوا، حافظ ذیشان بیلوا، مولانا ہاشم اختر قاسمی، قاضی ارشد دارالقضا انجمن اسلامیہ وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔