روہڑو میں کار ندی میں گری، تین طلباء کی موت، دو زخمی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –23  MAY

شملہ، 23 مئی :شملہ ضلع کے روہڑو سب ڈویڑن کے چرگائوں تھانہ علاقے میں ایک کار حادثے میں تین طلبا ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ پیر کی دیر رات 12:30 کے قریب اس وقت پیش آیا جب نوجوان شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد چڑگاوں سے رام پور کی طرف جارہے تھے۔
تینوں مرنے والے رام پور کے رہنے والے تھے اور ان کی عمریں 18 سے 20 سال کے درمیان ہیں۔ روہڑو کے ڈی ایس پی رویندر نیگی نے منگل کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے نوجوان شادی کی تقریب سے واپس آ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے روہڑو سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق آلٹو کار چڑگاوں کے قریب جنگلا کے مقام پر بے قابو ہو کر پبر ندی میں جاگری۔ کار میں رام پور کے پانچ دوست سفر کر رہے تھے۔ آدھی رات کو آلٹو کار کو حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں تین نوجوان جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
ان کی شناخت شریہ نیگی (18) ولد لیکھ راج ساکن تکلیچ، شیوانگ (18) ولد روپ لال ساکن مجھارلی اور جتیر (20) ولد منی لال ساکن تکلیچ کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمیوں میں کرونا چوہان (20) ولد تارا چاند ساکن کرتوٹ اور رمن (22) ولد راج پال ساکن ٹکلیچ شامل ہیں۔
تینوں مہلوکین اور دونوں زخمی طالب علم بتائے جاتے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر آئی ٹی آئی کورس کر رہے تھے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ تینوں نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اطلاع ملنے پر چڑگاوں پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور راحت اور بچاو? کام شروع کیا۔