TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -5 MAY
پٹنہ (پریس ریلز ) زکوٰۃ سنٹر انڈیا کا مقصد غربت کا خاتمہ اور معاشی بہتری کی اسکیموں کو رو بہ عمل لانا ہے۔ زکوٰۃ دینی فریضہ اور ایک اہم عبادت ہے۔ ہمارے اسلاف نے ماضی میں بھی ملت میں اجتماعی زکوٰۃ کا نظم کرکے غربت کاخاتمہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ امیروں سے لی جاتی ہے اورغریبوں و دیگر ضرورت مندوں میں خرچ کی جاتی ہے، جب کہ سو د غریبوں سے لیا جاتا ہے اور انہیں مزید غریب کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار زکوٰۃ سنٹرانڈیا کے قومی جنرل سکریٹری عبدا لجبار صدیقی نے اپنی صدارتی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے اﷲ تعالیٰ نے زکوٰۃ کو فرض اور سود کو حرام قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰ ۃ کا مقصد مسائل کو حل کرنا اور مشکلات کو کم کرنا ہے۔
حالیہ دنوں میں پٹنہ میں زکوٰۃ سنٹر انڈیاکا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس سے قبل زکوٰۃ سنٹر انڈیا کی دو نشستیں منعقد ہوچکی ہیں ،جس میں اس کے اغراض مقاصد پر گفت و شنید ہوئی تھی ،جسے عام لوگوں کو بھی متعارف کرایا گیاتھا، اس بار رمضان مبارک میں زکوٰۃ سنٹر انڈیا پٹنہ کے کارکنان نے محنتیں کیں او ر زکوٰۃ کی وصولی کا کا م بھی انجام پایا۔ ازیں قبل میٹنگ میں یہ بات بتائی گئی تھی کہ زکوٰۃ سنٹر انڈیا کے تحت زکوٰۃ کی وصول کی جانے والی رقم جہا ں سے وصول ہوگی وہیں خرچ بھی کی جائے گی۔ چنانچہ اسی سلسلے کی ایک میٹنگ گزشتہ دنوں الحرا پبلک اسکول شریف کالونی میں رکھی گئی اور زکوٰۃ کے صرفہ سے متعلق لائحہ پر گفتگو ہوئی۔ زکوٰۃ سنٹر انڈیا کے صدر سید سیف اﷲ قادری نے اب تک کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے پٹنہ کی سطح پر زکوٰۃ کی وصولی سے متعلق اپنے تجربات شیئر کیے اور کہا کہ مختصر مدت میں ہماری یونٹ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ان شاء ا للہ زکوٰۃ سنٹر مکمل شرعی حدود میں کام کرے گا اور مستحقین تک اپنا تعاون پیش کرے گا۔ کارکردگی کی رپورٹ پر شرکائے مجلس نے جہاں اطمینان کا اظہار فرمایا وہیں پر اپنے قیمتی تجاویز اور مشورے بھی دیے۔ زکوٰۃ سنٹر انڈیا کے سکریٹری جناب محمد انور نے زکوٰۃ کی وصولی سے متعلق تفصیلات پیش کیں اور اس کے دائرے کو مزید وسیع کرنے کو کہا۔
میٹنگ میں شریک مولانا رضوان احمد اصلاحی (امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند بہار)نے کہا کہ زکوٰۃ سنٹر انڈیا میں ملت کے اور لوگوں کو بھی شامل کیا جا ئے۔ملت کے دیگر باشعوراور ایمان دار افراد شامل ہوں گے تب ہی سنٹر کی اسکیم کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محض اسکیم اور منصوبہ بندی سے کام نہیں ہوتا ؛اس تعلق سے ہماری نیت میں اخلاص ہونا چاہیے ۔ اخلاصِ نیت سے کیے جانے والے کاموں کے نتائج مثبت آتے ہیں۔ میٹنگ کا آغاز الحرا اسکول کے استاذ انظار احمد صادق کی تذکیر بالقرآن سے ہوااور امیر حلقہ کی دعا پر میٹنگ اختتام پذیر ہوئی۔ پروگرام میں زکوٰۃ سنٹر انڈیا کے ذمہ داران وممبران ڈاکٹر جاوید عالم خان، پروفیسر مہ جبیں خانم، ڈاکٹر مشتاق احمد، سید کمال، غلام شاہد، محمد معراج فیضی کے علاہ پروفیسر آفتاب احمد، سلطان احمد صدیقی، محمد شہزاد، ضیاء القمراور ڈاکٹر اسداﷲوغیرہ نے بھی شرکت کیں۔