TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –8 MAY
ریاض،8مئی: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سوڈان ایک غیر معمولی بحران سے گزر رہا ہے اور مملکت کا انتخاب اس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔وزیر خارجہ نے اتوار کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ برادر ملک جمہوریہ سوڈان ایک بے مثال بحران سے گزر رہا ہیاور مملکت سعودی عرب میں ہمارا انتخاب یہ ہے کہ ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں اور حفاظت تک پہنچنے میں اس کی مدد کریں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سوڈان کو اس بحران سے نکالنے کی کوششیں کامیاب ہو جائیں گی۔خیال رہے ہفتہ کو سعودی وزارت خارجہ نے جدہ شہر میں سوڈانی مسلح افواج کے نمائندوں اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے نمائندوں کے درمیان ابتدائی مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کیا۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہیں امید ہے سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان بات چیت تنازعات کے خاتمے اور سیاسی عمل کے آغاز کے لیے بہتر ثابت ہوگی اور یہ مذاکرات سوڈان میں سلامتی اور استحکام کی واپسی کا باعث بن جائیں گے۔واضح رہے سوڈان میں 15 اپریل سے فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جھڑپیں شروع ہیں۔ اس لڑائی میں 550 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔