TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –21 MAY
مقابلہ جاتی امتحانات میں یقینی کامیابی کے لئے پڑھائی کے ساتھ جانچ امتحان کی مشق ضروری : پروفیسر مشتاق
در بھنگہ۔ سی ۔ایم کالج دربھنگہ میں حکومت بہار کے محکمہ اقلیتی فلاح وبہبود کے تعاون سے آئندہ جولائی 2023میں سی ٹیٹ امتحان کی تیاری کے لئے چل رہے مفت کوچنگ اقلیتی کوچنگ مرکز میں اتوار کو اساتذہ کے ذریعہ گذشتہ ہفتہ بھر پڑھائے گئے نصاب سے سی ٹیٹ میں پوچھے جانے والے ممکنہ سوالات کی بنیاد پر ہفتہ وارجانچ امتحان کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں کوچنگ میں داخل تمام طلبا وطالبات نے پرجوش طریقے سے حصہ لیتے ہوئے اپنی صلاحیت اور امتحان کی تیاری کا ثبوت پیش کیا ۔امتحان میں کوچنگ مرکز کے اساتذہ کے ذریعہ تیار سی ٹیٹ کی بنیاد پر 150آبجکٹو سوالات پوچھے گئے۔ امتحان کے بعد طلبا کو موبائل پر سوالات کے صحیح جوابات بھی مہیا کرائے گئے۔ کالج میں چل رہ مفت اقلیتی سی ٹیٹ کوچنگ مرکز کے ڈائرکٹر اور للت نرائن متھلا یونیورسیٹی کے رجسٹرار پروفیسر مشتاق احمد نے بتایا کہ اس مرکز میں قابل اور اہل اساتذہ کے ذریعہ طلباء کو نہ صرف نصابی کتابیں پڑھائی جاتی ہیں بلکہ امتحان سے متعلق سبھی ذرائع کے ساتھ ساتھ امتحان کے طریقے سے بھی داخلہ کے وقت سے ہی آگاہ کر مشق بھی کرائی جاتی ہے تاکہ امتحان دہندگان کو امتحان سے متعلق کوئی مسائل باقی نہ رہیں اور وہ پوری خود اعتمادی اور جوش وخروشکے ساتھ امتحان میں شامل ہو سکیں۔یہی وجہ ہے کہ اس کوچنگ میں داخل 60اقلیت طبقے کے اور 15غیر اقلیتی طبقے کے طلبا وطالبات کا سی ٹیٹ امتحان کا نتیجہ گذشتہ کئی سالوں سے سو فی صد رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کوچنگ مرکز کی نوڈل ایجنسی مولانا مظہر الحق عربی وفارسی یونیورسیٹی ، پٹنہ ہے ، جہاں کے وائس چانسلرنے حال ہی میں مرکز کا معائنہ کرکے کوچنگ کے نظم وضبط پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ ڈائرکٹر پروفیسر احمد نے کہا کہ اس کوچنگ مرکز میں لائق اساتذہ اور محنتی معاونین کے ذریعہ طلبا کے تمام طرح کے مسائل کا بر وقت حل کیا جاتا ہے ۔