شرد پوار اپنے فیصلے پر ڈٹے ، تعطل برقرار،این سی پی کے نئے صدر کیلئے سپریا سولے اور پرفل پٹیل کے ناموں پر بحث

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3 MAY

ممبئی 03 مئی: شرد پوار نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر کا عہدہ چھوڑنے کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ ایک طرف انہیں منانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تو دوسری طرف رہنما کارکنوں کو منانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نئے صدر کے انتخاب کے لیے بدھ کو وائی بی پوار آڈیٹوریم میں این سی پی رہنماؤں کی میٹنگ جاری ہے۔
شرد پوار نے منگل کو اپنی کتاب کی ریلیز کے دوران این سی پی کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اجیت پوار نے کہا کہ شرد پوار دو تین دن میں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے ، کارکنان پرسکون رہیں۔ بدھ کو اجیت پوار نے کہا کہ وہ این سی پی صدر کے عہدے میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں۔ وہ اس کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔ اس کے بعد وائی بی چوان سینٹر میں پرفل پٹیل ، سپریا سولے ، جینت پاٹل چھگن بھجبل وغیرہ جیسے لیڈروں کی میٹنگ بلائی گئی ہے ، جس میں سپریا سولے اور پرفل پٹیل کے ناموں پر بات چیت ہونے کی اطلاع ملی ہے۔سابق وزیر چھگن بھجبل نے کہا کہ سپریا سولے اور پرفل پٹیل بھی دہلی میں کام کرنے کے قابل ہیں ، لیکن کارکنوں کو پرسکون کرنے کے لیے سپریا سولے کو صدر کے عہدے کی ذمہ داری سونپی جانی چاہئے۔ اسی طرح مہاراشٹر کی ذمہ داری اجیت پوار کو دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ اجلاس میں موجود تمام لوگوں کی رضامندی سے ہی کیا جائے گا۔