Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2 MAY
ممبئی،2مئی:این سی پی کے صدر شرد پوار نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ وہ این سی پی صدر کا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ 82 سالہ مراٹھا لیڈر شرد پوار نے جیسے ہی یہ اعلان کیا ان کے حامیوں نے نعرے بازی شروع کرتے ہوئے ان سے استعفی نہ دینے کا مطالبہ کیا۔شرد پوار نے کہا کہ مجھے کئی سالوں سے سیاست میں پارٹی کی قیادت کرنے کا موقع ملا ہے۔ میں اس عمر میں یہ عہدہ نہیں رکھنا چاہتا۔ میرے خیال میں کسی اور کو آگے آنا چاہیے۔ پارٹی رہنماؤں کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ اب پارٹی کا صدر کون ہوگا؟ شرد پوار آخری بار 2022 میں چار سال کے لیے صدر منتخب ہوئے تھے۔شرد پوار نے کہا کہ 1999 میں این سی پی کے قیام کے بعد مجھے صدر بننے کا موقع ملا۔ آج اس بات کو 24 سال ہو گئے ہیں۔ پوار نے کہا کہ عوامی زندگی کا یہ سفر جو یکم مئی 1960 سے شروع ہوا تھا، پچھلے 63 سالوں سے مسلسل جاری ہے۔ اس دوران میں نے مہاراشٹر اور ملک میں مختلف کرداروں میں خدمات انجام دیں۔ پوار نے کہا ‘‘میری راجیہ سبھا کی مدت کار تین سال باقی ہے۔ اس دوران میں کوئی بھی پوزیشن لیے بغیر مہاراشٹر اور ملک سے جڑے مسائل پر توجہ دوں گا۔‘‘جیسے ہی شرد پوار نے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا، تقریب میں موجود کارکنوں نے نعرے بازی شروع کر دی۔ کارکنوں نے شرد پوار سے عہدہ نہ چھوڑنے کی اپیل کی۔ اس دوران پوار کچھ حامیوں اور کارکنوں کو روتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔شرد پوار نے کہا کہ اب جو وقت ملے گا اسے دیکھتے ہوئے میں اس کام پر زیادہ توجہ دوں گا۔ میں یہ نہیں بھول سکتا کہ مہاراشٹر اور آپ سب نے پچھلی 6 دہائیوں میں مجھے زبردست حمایت اور پیار دیا ہے۔ پوار نے کہا ’’نئی نسل کو اس سمت میں رہنمائی کرنے کا وقت آ گیا ہے جس سمت پارٹی جانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سفارش کر رہا ہوں کہ صدارتی عہدے کے انتخاب پر فیصلہ کرنے کے لیے این سی پی ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جانی چاہئے۔پوار نے کہا کہ انتخابی کمیٹی میں پرفل پٹیل، سنیل تاٹکرے، کے کے شرما، پی سی چاکو، اجیت پوار، جینت پاٹل، سپریا سولے، چھگن بھجبل، دلیپ والسے پاٹل، انیل دیشمکھ، راجیش ٹوپے، جتیندر اوہاد، حسن مشرف، دھننجے منڈے، جے دیو گائیکواڑ، نیشنلسٹ مہیلا کانگریس کی صدر فوزیہ خان، دھیرج شرما، نیشنلسٹ یوتھ کانگریس سونیا دوہان کو شامل کیا جانا چاہئے۔شرد پوار کے اعلان کے بعد اجیت پوار نے کہا ’’ہم کنبہ کے لوگ اور پارٹی لیڈر مل کر بیٹھیں گے۔ پارٹی کارکنوں کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ شرد پوار پارٹی میٹنگ میں آپ کے جذبات کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے۔‘‘