TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –16 MAY
اسلام آباد،16مئی: اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریکِ انصاف کی مرکزی رہنما شیریں مزاری کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے جب کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فواد چوہدری، حماد اظہر اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں کی حفاظتی ضمانت مسترد کر دی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے منگل کو شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف ایڈووکیٹ ایمان مزاری کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے امن عامہ کے خطرے کی دفعہ تھری ایم پی او کے تحت شیریں مزاری کی گرفتاری کا ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ جس مٹیریل کی بنیاد پر تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کا حکم ہوا وہ پٹیشنر کو بھی دیں، یہ بھی بتائیں اگر اس مٹیریل پر تھری ایم پی او کا ا?رڈر نہ ہو تو کس مواد پر ہو گا؟لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں فواد چوہدری ، حماد اظہر اور اعجاز چوہدری سمیت متعدد کی حفاظتی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے منگل کو درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا۔عدالت نے فواد چوہدری، اعجاز چوہدری، فرخ حبیب، میاں محمود الرشید، عمر ایوب اور حماد اظہر کی عدم پیشی پر حفاظتی ضمانت کی درخواستیں مسترد کیں۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف لاہور کے تھانہ ریس کورس میں جلائو گھیرائو کے مقدمات درج ہیں۔پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں کے خلاف اسی طرح کے مقدمات اسلام آباد میں بھی درج ہیں جب کہ کئی رہنما پہلے سے ہی حراست میں ہیں۔