طلاق دینے پر بیوی کا 1 کروڑ کا مطالبہ، شوہر نے 2 لاکھ دے کر قتل کرا دیا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –18  MAY

نئی دہلی،18مئی:شوہر نے پیسے دے کر اپنی بیوی کو قتل کرا دیا۔دہلی شہر میں 35 سالہ خاتون کو گھر میں چھریوں کے وار کر کے قتل کیا گیا جس کی لاش کو پولیس نے تحویل میں لے لیا۔پولیس کے مطابق خاتون کو قتل کرنے کے لیے اس کے شوہر نے قاتلوں کو پیسے دیے اور یہ واردات دوپہر کے وقت کی گئی۔ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ایس کے گپتا نامی شخص نے خاتون سے گزشتہ برس نومبر میں یہ سوچ کر شادی کی تھی وہ اس کے 45 سالہ معذور بیٹے کا خیال رکھے گی اور اس کی دیکھ بھال کرے گی۔پولیس کے مطابق خاتون نے ایسا نہ کیا تو شوہر نے اسے طلاق دینے کا فیصلہ کیا جس پر خاتون نے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔ایس کے گپتا ہر صورت اپنی بیوی سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتا تھا جس کے لیے اس نے اپنے بیٹے کو اسپتال لے جانے والے شخص کے ساتھ مل کر اپنی بیوی کو قتل کرنے کا منصوبی بنایا۔پولیس کے مطابق شوہر نے قتل کی منصوبہ بندی میں ملوث شخص کو 10 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا اور ایڈوانس کے طور پر 2 لاکھ 40 ہزار روپے دیے جس کے بعد ملزم نے اپنے ساتھی کے ہمراہ جا کر گھر میں خاتون کو چھریوں کے وار کر کے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کے لیے گھر کا سامان بکھیر دیا تھا اور وہاں سے موبائل فوں بھی لے گئے تھے تاہم تفتیش کے بعد ساری منصوبہ بندی کا پتا لگا کر مقتولہ کے شوہر، اس کے بیٹے اور قتل کرنے والے دونوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔