TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –15 MAY
فیروز آباد، 15 مئی: فیروز آباد ضلع کے شکوہ آباد تھانے نے اتوار کی رات دیر گئے انکاؤنٹر کے دوران 25-25 ہزار کے انعامی بدمعاشوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔ ان کو اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، دیہی، رن وجے سنگھ نے بتایا کہ اتوار کی رات پولیس اسٹیشن شکوہ آباد اور سرویلانس ٹیم کو اطلاع ملی کہ مین پوری روڈ پر ٹینک کے قریب اپاچی موٹرسائیکل پر فائرنگ کرکے دو بدمعاش فرار ہوگئے ہیں۔ اس اطلاع پر فوری طور پر ایس ایچ او شکوہ آباد ہرویندر مشرا نے ایس او جی اور پولیس ٹیم کے ساتھ گاؤں دیواچی اور کنٹھاری تیراہا کے جنگل میں مجرموں کا محاصرہ کیا تو مجرموں نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران دونوں بدمعاش ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔ پولیس ٹیم نے دونوں بدمعاشوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران بدمعاشوں نے اپنا نام گووند ولد راج کمار اور انار سنگھ ولد میوارم بتایا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل، 315 بور کے دو پستول، 315 بور کے چار کھوکھلے کارتوس، چار زندہ کارتوس اور لوٹے گئے 18500 روپے برآمد کئے۔