TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –7 MAY
بلیا، 07 مئی: اترپردیش کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے بلیا میں ایک انتخابی میٹنگ میں عوام کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل اجودھیا میں رام مندر کا درشن کرنے کی دعوت دی۔ بلیا سے بی جے پی امیدوار سنت کمار مٹھائی لال کی حمایت میں یہاں منعقد ایک میٹنگ میں انہوں نے اتوار کو کہا کہ 2024 کے انتخابات سے قبل اجودھیا میں رام مندر تعمیر کیا جارہا ہے۔ ہم آپ کو اجودھیا میں رام للا کے درشن کی دعوت دینے آئے ہیں۔سبھی کی خواہش تھی کہ اجودھیا میں ایک عظیم الشان رام مندر بننا چاہیے لیکن کانگریس نے رام للا کے وجود کو قبول نہیں کیا۔ جب مودی جی کے ہاتھ میں کمان آئی تو انہوں نے عدالت میں التجا کرکے رام مندر کی راہ ہموار کی۔ کرناٹک انتخابات میں کانگریس کا منشور جاری ہوا تو بجرنگ بلی کے نام پر پابندی لگانے کا کام کیا گیا۔ کلیوگ کے دیوتا مریادا پرشوتم رام کے خادم ہمارے پیارے ہنومان جی کا نام نہیں لے سکتے۔
مودی کی قیادت میں ہندوستان دنیا کا نمبر ایک ملک بننے کی جانب بڑھ رہا ہے
نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا نمبر ایک ملک بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ آج ہر میدان میں ہندوستان کی آواز سنائی دے رہی ہے۔
بلیا میونسپلٹی کے صدارتی امیدوار سنت کمار مٹھائی لال کی حمایت میں ایک انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک نے اتوار کو کہا کہ ممبئی میں دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ قصاب کئی برس تک بھارت میں بریانی کھاتا رہا۔ جب پلوامہ میں حملہ ہوا تو وزیراعظم مودی نے فوج کو چھوٹ دی اور فوج نے پاکستان میں گھس کر 400 ٹینک تباہ کر دیئے۔ پاکستان نے ابھی نندن کو بحفاظت حوالے کر دیا۔ یہ ہندوستان کی طاقت ہے۔ روس اور یوکرین کی جنگ میں پھنسے لاکھوں ہندوستانی نوجوانوں کو بحفاظت واپس لایا گیا۔ ایک گولی بھی نہیں چلائی گئی۔ سوڈان سے بھی ہزاروں لوگ لائے گئے لیکن ترنگے کی وجہ سے کسی کو خراش نہیں آئی۔ یہ سب وزیر اعظم مودی کی وجہ سے ہوا ہے۔