TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –7 MAY
فلم’دی کیرالہ سٹوری‘ کی ریلیز کو آج تیسرا دن ہے لیکن فلم کے حوالے سے جاری تنازعہ ابھی تک تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اب کئی اداکاروں نے آگے آکر اس فلم کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ بہت سارے تنازعات میں گھرے ہونے کے باوجود فلم نے اچھی کمائی جاری رکھی۔ اس فلم کا دوسرے دن کا باکس آفس کلیکشن منظر عام پر آگیا ہے۔بالی ووڈ کی دنیا میں یہ مانا جاتا ہے کہ کوئی فلم جتنے زیادہ تنازعات پیدا کرتی ہے ، وہ اتنی ہی زیادہ ہٹ ہوتی ہے۔ اس کی سب سے بڑی مثال شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے شاہ رخ خان کی فلم کے وقت ہیش ٹیگ’بائیکاٹ پٹھان‘کو بھی ٹرینڈ کیا۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر دیپیکا پادوکون اور شاہ رخ خان کے پتلے بھی جلائے گئے تاہم اس کے نتائج سب کے سامنے ہیں۔ ایسے میں کہا جا رہا ہے کہ ’دی کیرالہ سٹوری‘ کو بھی ان تنازعات کا فائدہ ہو سکتا ہے۔
اس دوران اس فلم کا باکس آفس پر دوسرے دن کا کلیکشن منظر عام پر آگیا ہے۔ فلم کی کمائی نے شائقین کی امیدیں اور بھی بڑھا دی ہیں۔ صرف 40 کروڑ کے بجٹ سے بنی اس فلم کو اچھی قرار دیا جا رہا ہے۔ فلم نے ریلیز کے پہلے دن 8 کروڑ کا بزنس کیا تو دوسرے دن یہ تعداد مزید بڑھ گئی۔ سیک نلک کی رپورٹ کے مطابق ’دی کیرالہ سٹوری‘ نے ریلیز کے دوسرے دن یعنی ہفتہ کو 12.50 کروڑ کی کمائی کی ہے۔پہلے دن کے مجموعہ کے مقابلے میں یہ ایک لمبی چھلانگ سمجھی جاتی ہے۔ اگر 5 مئی کو باکس آفس پر ریلیز ہونے والی ’دی کیرالہ اسٹوری‘اسی رفتار سے کمائی کرتی رہی تو یہ جلد ہی اپنے بجٹ کو آسانی سے عبور کر لے گی۔ اب کہا جا رہا ہے کہ یہ فلم ویک اینڈ میں اچھے نتائج حاصل کر سکتی ہے۔ حکومت نے کئی مقامات پر اس فلم کو ٹیکس فری قرار دیا ہے۔ ایسے میں اب اس فلم کو زیادہ بھیڑ مل سکتی ہے۔