مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملے کی مذمت،اشتعال انگیز اقدامات کو مسترد کرتے ہیں: سعودی عرب

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –19  MAY

ریاض،19مئی:سعودی عرب نے آج جمعہ کے روز سکیورٹی فورسز کی حفاظت میں ایک اسرائیلی رہنما اور کنیسٹ ارکان کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر بولے گئے دھاوے کی شدید مذمت کی ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے “ٹوئٹر” پر اپنے بیان میں کہا کہ مملکت کی جانب سے اس طرح کی خلاف ورزیوں اور اشتعال انگیز کارروائیوں کو واضح طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔ ہم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اور اس مسئلے کے منصفانہ اور مسئلہ فلسطین کے جامع حل تک پہنچنے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔خیال رہے جمعرات کو دسیوں ہزار اسرائیلی آباد کاروں نے القدس میں “فلیگ مارچ” میں شرکت کی۔ فلیگ مارچ 1967 میں مشرقی القدس کے مغربی القدس کے ساتھ الحاق کی یاد میں نکالا جاتا ہے۔یہودی آباد کاروں کا فلیگ مارچ اولڈ سٹی کے مسلم کوارٹر سے گزرا۔ اس مارچ میں دائیں بازو کی جماعتوں کے وزراء اور کنیسٹ کے ارکان شامل تھے۔ مارچ کی سربراہی قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بین گویر، وزیر توانائی یسرائیل کاٹز، اور نقب و الجلیل کے وزیر یتزاک واسرلیو کر رہے تھے۔