TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –10 MAY
ممبئی 10 مئی: وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ میٹرو 3 روٹ کا تقریباً 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور میٹرو ریلوے کا یہ مرحلہ دسمبر 2023 کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔ ممبئی شہر میں ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا بہترین نظام ہونا ضروری ہے۔ ممبئی والوں کی یہ ضرورت میٹرو ریل کے ذریعے پوری کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ شندے نے منگل کی دیر رات چرچ گیٹ سے ودھان بھون تک ممبئی میٹرو 3 روٹ کا معائنہ کیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ شندے نے صحافیوں کو یہ جانکاری دی۔ وزیر اعلیٰ شندے نے بتایا کہ ممبئی میٹرو لائن -3 ( کولابا-باندری-سِپز) ممبئی کے لیے مجوزہ پہلی مکمل زیر زمین میٹرو لائن ہے۔ شہر کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ متبادل ٹرانسپورٹ کی سہولت کے لیے اس کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ اس سے ٹریفک کا دباؤ کافی حد تک کم ہو جائے گا۔ میٹرو میں مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتہائی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فضائی اور صوتی آلودگی سے بچنے کا خیال رکھا گیا ہے۔
شندے نے بتایا کہ میٹرو 3 روٹ کو میٹرو 1، 2، 6 اور 9 کے ساتھ ساتھ مونو ریل سے بھی جوڑا جائے گا۔ اس کے علاوہ مضافاتی ریل لائن کو ممبئی کے ہوائی اڈوں کے علاوہ چرچ گیٹ اور چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینلس سے بھی جوڑا جائے گا۔ اس میٹرو تھری ریلوے سے مسافروں کا وقت بچ جائے گا اور سڑک پر چھ لاکھ گاڑیاں بھی کم ہوں گی ، اس روٹ کا پہلا مرحلہ دسمبر 2023 کے آخر تک اور دوسرا مرحلہ جون 2024 سے پہلے مکمل ہو جائے گا۔ ریاست کی ترقی کے منصوبوں میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی۔ میٹرو ریلوے کے افسران اور ملازمین پوری صلاحیت سے کام کر رہے ہیں۔ اس لیے منصوبے وقت پر مکمل ہوں گے۔اس موقع پر چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری برجیش سنگھ ، ممبئی میٹرو ریل کارپوریشن کے ڈائریکٹر (پروجیکٹس) سبودھ گپتا اور سینئر افسران موجود تھے۔