ممبئی کے سابق اے سی پی شمشیر خان پٹھان کا انتقال، ناسک میں ہوگی تدفین

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –20  MAY

ممبئی،20مئی: مشہور اور معروف سبکدوش اعلی پولیس افسراور عوامی وکاس پارٹی کے صدر شمشیر خان پٹھان گزشتہ شب طویل علالت کے بعد 69 سال کی عمر میں جنوبی ممبئی کے مسینا اسپتال میں علاج کے دوران اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور بیٹی ہیں۔شمشیر پٹھان کے بیٹے شہزاد شمشیر خان پٹھان نے کہا ’’میرے والد شمشیر خان پٹھان (ریٹائرڈ اے سی پی اور قومی صدر عوامی وکاس پارٹی) بروز جمعہ کو اس جہان فانی سے کوچ کر گئے اور ایک طویل علالت کے بعد مسینا اسپتال میں انہوں نے10.30بجے آخری سانسں لی۔ ان جسد خاکی کوسنچر 20 مئی کو صبح 7 بجے سے 9 بجے تک ثنا کمیونٹی ہال نورباغ ممبئی میں دیدار اور تعزیتی اجلاس کے لیے رکھا جائے گا اور بعد میں انہیں ان کے آبائی شہر ناسک لے جایا جائے گا جہاں ان کی تدفین عمل میں آئے گی۔‘‘شمشیر خان خان نے 1980 میں مہاراشٹر پولیس سروس میں ملازمت اختیار کی اورتقریبا 36 سالہ خدمات کے 30 اپریل 2012 کو سبکدوش ہوئے۔ تب شمشیر خان پٹھان جنوب وسطی ممبئی میں انٹاپ ہل پولیس اسٹیشن کے سنئیر انسپکٹر تھے اور سبکدوشی کے تین روز پہلے انہیں ترقی دے کر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (اے سی پی) ائیرپورٹ مقرر کیا گیا ،سبکدوشی کے دوسرے روز یوم مہاراشٹرپر انہوں نے عوامی وکاس پارٹی ( اے وی پی) کی تشکیل کی۔انہوں نے مسلم فرقے کی تعلیمی اور سماجی بہتری کے لیے اقدامات کیے، دراصل مسلم نوجوانوں کے لیے ایک وڑن رکھتے تھے اور پولیس فورس سے اے سی پی کی حیثیت سے ریٹائرمنٹ کے بعد انھوں نے کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے پورا وقت کام کیا۔ مرحوم شمشیر خان پٹھان ضرورت مند اور غریب لوگوں کے لیے ایک مددگار تھے۔ انہوں نے کئی بار کمیونٹی میں ہونے والی بددیانتی اور ناانصافی کے خلاف بھی آواز اٹھائی۔اس میدان میں سرگرم رہنے کے ساتھ تعلیمی اور سماجی بہبودگی کے کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، خصوصی طور پر منشیات کے شکار مسلم نوجوانوں کو اس جہنم سے نکالنے کے لیے ان کی کوشش ہمیشہ جاری رہیں اور انٹاپ ہل جیسے پسماندہ علاقے میں انہوں نے کئی اصلاحی کیمپ منعقد کیے اور منشیات کے شکار نوجوانوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے نکڑ ناٹک منعقد کرائے اور انہیں راحتی مرکوز میں پہنچاکر انہیں صحت یاب بھی بنایا۔