منیش سیسودیا نے بیوی کی صحت کا حوالہ دیر کر عبوری ضمانت کی درخواست دی ، دہلی ہائی کورٹ کا سی بی آئی کو نوٹس

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3 MAY

نئی دہلی،3مئی:دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے اپنی اہلیہ کی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے عبوری ضمانت کے لیے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ اس معاملہ پر بدھ کو عدالت نے مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔خیال رہے کہ 25 اپریل کو اچانک طبیعت بگڑنے پر دہلی شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ کے سلسلہ میں تہاڑ جیل میں قید منیش سسودیا کی اہلیہ سیما سسودیا کو اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ تبھی سے ان کا علاج جاری ہے۔ ایک دن بعد یعنی 6 اپریل کو وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سیما سسودیا کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچے تھے۔اپولو اسپتال میں سیما سسودیا کی عیادت کے بعد وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کیا تھا ’’میں ابھی سیما بھابھی یعنی منیش جی کی بیوی سے اسپتال میں ملاقات کر کے آ رہے ہیں۔ وہ 24 اپریل سے اسپتال میں داخل ہیں۔ انہیں ملٹیپل سکلیروسیس کی بیماری ہے۔ یہ بہت سنگین بیماری ہے۔ میں خدا سے ان کی صحت کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘ خیال رہے کہ سی بی آئی نے منیش سسودیا کو 26 فروری 2023 کو دہلی ایکسائز پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ تب سے وہ تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ملٹیپل سکلیروسیس آٹو امیون سسٹم سے متعلق بیماری ہے۔ یہ انسانی مرکزی اعصابی نظام کو بری طرح متاثر کرتی ہے۔ یہ ایک ایسی بیماری ہے جو متاثرہ شخص کے دماغ اور جسم کا توازن بگاڑ دیتی ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے دماغ اور جسم کے درمیان ہم آہنگی برقرار رکھنا ممکن نہیں ہوتا۔ اس مرض میں مبتلا شخص کو دیکھنے اور بولنے میں تکلیف، توجہ مرکوز کرنے میں دشواری اور کمزوری محسوس ہوتی ہے۔