مودی-کشیدا کی ہیروشیما میں ملاقات، دہشت گردی کو کچلنے پر تبادلہ خیال

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –20  MAY

نئی دہلی، 20 مئی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو ہیروشیما میں جی- 7 چوٹی کانفرنس کے موقع پر جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔ دونوں رہنماوں نے جی- 20 اور جی- 7 صدارتوں کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے گلوبل ساوتھ کے خدشات اور ترجیحات کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس دوران انسداد دہشت گردی اور اقوام متحدہ میں اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماوں نے عصری علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ہند-بحرالکاہل میں تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماوں نے دوطرفہ خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر اتفاق کیا۔ تعلیم، مہارت کی ترقی، سیاحت، ماحولیات کے لیے طرز زندگی (ایل آئی ایف ای)، گرین ہائیڈروجن، ہائی ٹیکنالوجی، سیمی کنڈکٹرز اور ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مارچ میں وزیر اعظم کشیدا کے ہندوستان کے دورے کے بعد اس سال دونوں رہنماوں کی یہ دوسری ملاقات تھی۔ وزیر اعظم مودی نے ہیروشیما میں تحفے میں دیئے گئے بودھی کا پودا لگانے پر کشیدا کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے یاد دلایا کہ بھارتی پارلیمنٹ ہر سال ہیروشیما ڈے کو یاد کرتی ہے۔ اس موقع پر جاپانی سفارت کار ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ہیروشیما وہی شہر ہے جہاں دوسری جنگ عظیم کے دوران امریکہ نے جوہری ہتھیاروں کا استعمال کیا تھا۔