TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –19 MAY
ممبئی،19: عازمین حج کے لیے مہاراشٹر کے کئی امبارکیشن پوائٹس اضافی چارج لگائے جانے پر سماجوادی پارٹی کے لیڈر ابوعاصم اعظمی نے برہمی کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلہ میں حج ہاؤس پر منعقدہ احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ عازمین حج کے ساتھ ناانصافی ناقابل برداشت ہے اور اورنگ آباد امبارکیشن پوائنٹ پر اضافی چارج کو فوراً ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اضافی بوجھ حجاج کرام کے لیے غیر ضروری ہے جبکہ سفر حج مہنگا بھی ہوا ہے ایسی صورتحال میں امبارکیش پوائنٹ پر مزید اضافی رقومات کا تقاضہ ناقابل قبول ہے، اس لئے اضافی چارج کو واپس لیا جائے۔ انہوں نے حج کمیٹی آف انڈیا، وزارت اقلیتی امور، وزارت خارجہ اور مرکزی وزیر اقلیتی امور اسمرتی ایرانی سے اس معاملہ میں مداخلت کی درخواست کی۔اعظمی نے کہا کہ اورنگ آباد، ناگپور اور ریاست کے دیگر عازمین حج کے ساتھ نا انصافی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اورنگ آباد اور ناگپور امبارکیش پوائنٹ سے عازمین کو ممبئی کے مقابلہ اضافی چارج 77 ہزار روپے کی ادائیگی کرنا ناانصافی ہے اور ریاست کے تمام عازمین سے یکساں کرایہ وصول کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے بعد یہ پہلا سفر حج ہے جس میں کوئی بندش نہیں ہے لیکن اس قسم کے اضافی کرایہ سے عازمین حج کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ابو عاصم اعظمی نے برہمی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ حج کے امور میں عازمین کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ حج کوسستا کرنے کی کوشش کرنا ضروری ہے لیکن روزافزوں حج مہنگا ہوتا جارہا ہے وہ عام مسلمان کے دسترس سے باہر ہے ایسے میں مزید اضافی بوجھ اور غیر ضروری اخراجات عازمین حج کے لیے پریشانی کا باعث بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حج بیت اللہ ایک مذہبی فریضہ ہے اس میں سرکار کو مسلمانوں کے ساتھ رعایت کرنی چاہئے لیکن سرکار نے پہلے حج پر سبسڈی ختم کی اور پھر اب اضافی چارج وصول کیا جارہا ہے سبسڈی ختم کر نے پر مسلمانوں کو کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن حج مہنگا کرنے پر مسلمان معترض ہے اس کے باوجود سرکار اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔