TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –14 MAY
کولکاتا، 14 مئی: خلیج بنگال میں اٹھا سمندری طوفان ’’موچا‘‘ ہندوستانی سمندری ساحل سے دور بنگلہ دیش اور میانمار کے ساحلی علاقوں کے قریب پہنچ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اتوار کو کہا کہ ’’موچا‘‘ صبح 3 بجے کے قریب پورٹ بلیئر کے شمال مغرب میں 750 کلومیٹر دور ہندوستانی سمندری ساحل پر پہنچ گیا۔یہ بنگلہ دیش میں کوکس بازار سے 350 کلومیٹر اور میانمار سے ستوے سمندری ساحل سے 260 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔ یہ 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ لینڈ فال کے وقت اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 210 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے جان و مال کے بھاری نقصان کا خدشہ ہے۔محکمہ کے مطابق سب سے پہلے طوفان میانمار کے ساحل سے ٹکرائے گا۔ اس کے بعد یہ بنگلہ دیش کے کوکس بازار کے ساحل سے ٹکرائے گا۔ اس کے اثر کی وجہ سے ان دونوں ممالک میں تیز آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ ساحلی علاقوں سے زیادہ تر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔اس طوفان کے اثر سے کولکاتا کے ساتھ ساتھ جنوبی 24 پرگنہ کے ساحلی علاقوں اور مشرقی اور مغربی میدنی پور میں بارش شروع ہو گئی ہے۔ ہندوستان کے ساحلی علاقوں میں اس کا زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔ اس کے باوجود حفاظت کے لیے ساحلی علاقوں میں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات ہیں۔ بارش کی وجہ سے کولکاتا کے درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی ہے۔ ہفتہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.9 ڈگری سیلسیس (معمول سے دو ڈگری کم) اور کم سے کم 27.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔