نالندہ نئی نویلی دولہا دلہن سڑک حادثے میں جاں بحق

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –8  MAY

بہار شریف (دانش) ضلع کے گریک تھانہ حلقہ کے پورینی گائو کے قریب بالو سے لدا غیر قانونی ٹریکٹر بے قابو ہو کر تیز رفتاری کے باعث کار سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دولہا اور دلہن موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جب کہ کار میں سوار دولہا کا بہنوئی زخمی ہو گیا۔ واقعہ کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور ٹریکٹر سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ موقع پر موجود لوگوں نے گاڑی میں پھنسے دولہا دلہن کو باہر نکالا تاہم دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اسی دوران گاؤں والوں کی مدد سے دولہا کے بہنوئی کو علاج کے لیے پاواپوری ویمس بھیجا گیا، متوفی کے لواحقین کا رو رو کر برا حال ہو راہا ہے ۔ واقعہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ بارات نوادہ ضلع سے گریک آیا تھا شادی کے بعد ہفتہ کی شام دلہن کار سے دولہا کے ساتھ اپنے سسرال جا رہی تھی اسی دوران پورینی گاؤں کے قریب بالو سے لدے غیر قانونی ٹریکٹر نے کار کو ٹکر مار دی جس سے دولہا اور دلہن موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ وہیں اس واقعہ کے بعد دونوں خاندانوں میں متوفی کے لواحقین کا رو رو کر برا حال ہے۔ دلہن کی شناخت ستوا گاؤں کے رہنے والے کارو چودھری کی 20 سالہ بیٹی پشپا کماری کے طور پر ہوئی ہے۔ دولہے کی شناخت نوادہ ضلع کے روہ تھانہ علاقے کے تحت مہارانہ گاؤں کے رہنے والے تولا چودھری کے 27 سالہ بیٹے شیام کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ اس سڑک حادثے کے بعد دونوں خاندانوں میں خوشی کا ماحول ماتم میں بدل گیا۔ اس واقعہ کے بارے میں گریک تھانہ صدر جتیندر کمار نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔