نتیش کمار کے بھروسے کو ٹوٹنے نہیں دوں گا: سلیم پرویز

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –27  MAY

پٹنہ، 27 مئی۔ بہار پردیش جنتادل یو اقلیتی سیل کا دوبارہ صدر بنائے جانے پر قانون ساز کونسل کے سابق کارگذار چیئرمین سلیم پرویز نے وزیراعلی نتیش کمار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر انہوں نے جو بھروسہ کیا ہے اسے ٹوٹنے نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہاکہ میں ریاست بھر کا دورہ کر نتیش کمار کی کارگذریوں سے لوگوں کو آگاہ کروںگا۔ خاص طور سے اقلیتوں کے بہبود کے لئے انہوں نے جو کام کئے ہیں اس سے لوگوں کو واقف کراﺅں گا۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر سے جنتادل یو اقلیتی سیل کا ریاستی صدر نامزد کئے جانے پر پارٹی کے قومی صدر للن سنگھ اور ریاستی صدر اومیش کشواہا کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لیڈروں نے مجھ پر بھروسہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سے مجھے ذمہ داری سونپی ہے میں اس پر کھرا اترنے کی پوری کوشش کروں گا اور پارٹی کے تنظیمی ڈھانچہ کومزید مضبوط کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔
دریں اثناءسلیم پرویز دوبارہ صدر بنائے جانے پر پارٹی دفتر میںان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کارکنان کے علاوہ کثیر تعداد میں اقلیتی طبقہ سے تعلق کرنے والی ورکر بھی موجود تھے۔ خاص طور سے اشرف انصاری، غلام غوث راعین و دیگر لوگوں نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ سلیم پرویز کے دوبارہ ریاستی صدر نامزد کئے جانے پر ریاست کے مختلف حصوں سے سلیم پرویز کو مبارکباد موصول ہورہے ہیں۔ سلیم پرویز نے اپنے کارکنوں اور عہدیداروں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں پھر سے اس عہدے کے ذمہ داری ملنے میں ان ساتھ کام کررہے پارٹی کارکنوں کا بھی رول ہے۔