TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –10 MAY
لندن، 10مئی:آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے والی 8 ٹیمیں مکمل ہوگئی ہیں۔جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگئی جبکہ آئرلینڈ اوربنگلہ دیش کا چیلمسفورڈ میں مسلسل بارش کے باعث پہلا ون ڈے میچ نہ ہوسکا۔آئی سی سی کے مطابق آئرلینڈ کے براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات ختم ہوگئے جبکہ جنوبی افریقہ آخری وقت پر سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر 8 ویں نمبر پر ہونے کی وجہ سے براہ راست کوالیفائی کر گئی۔جنوبی افریقہ نے ہوم سیریز میں نیدرلینڈز کیخلاف کامیابی حاصل کی تھی اور ویسٹ انڈیز سے آگے نکل کر 8 ویں نمبر پر پہنچی تھی۔آئرلینڈ کو براہ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن کرنے کے لیے بنگلہ دیش کیخلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کرنا تھی۔آئرلینڈ کی ٹیم اب زمبابوے میں کوالیفائر کھیلے گی جس میں 10 ٹیمیں شامل ہیں۔ویسٹ انڈیز، سری لنکا، زمبابوے، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ، عمان، نیپال، یو ایس اے اور یو اے ای کوالیفائر میں شامل ہیں۔کوالیفائر کی ٹاپ 2 ٹیمیں ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی۔دوسری جانب نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ہندوستان، بنگلہ دیش، پاکستان، آسٹریلیا، افغانستان اور جنوبی افریقہ نے ورلڈکپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا۔واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ اکتوبر نومبر میں ہندوستان میں کھیلا جائے گا۔