TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –20 MAY
نئی دہلی، 20 مئی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو جاپان کے ہیروشیما میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ یہ مجسمہ موتویاسو ندی کے کنارے مشہور اے-بومب ڈوم کے قریب نصب کیا گیا ہے۔ یہاں روزانہ ہزاروں لوگ (مقامی اور سیاح) آتے ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق اس مقام کو امن اور عدم تشدد کے لیے یکجہتی کی علامت کے طور پر منتخب گیا ہے۔ مہاتما گاندھی نے اپنی زندگی امن اور عدم تشدد کے لیے وقف کردی۔ اس جگہ پر واقعی گاندھی جی کے اصولوں اور زندگی کی بازگشت ہوتی ہے، جو دنیا اور اس کے رہنماوں کو متاثر کرتی رہتی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جی- 7 سربراہی اجلاس کے لیے وزیر اعظم کے دورہ کے موقع پر ہندوستان اور جاپان کے درمیان دوستی اور خیر سگالی کی علامت کے طور پر حکومت ہند کی جانب سے ہیروشیما شہر میں مہاتما گاندھی کا مجسمہ پیش کیا گیا ہے۔ 42 انچ لمبا کانسے کا مجسمہ پدم بھوشن رام ونجی ستار نے بنایا ہے۔
نقاب کشائی کی تقریب میں وزیراعظم کے خصوصی مشیر اور ممبر پارلیمنٹ نکاتانی جنرل، ہیروشیما سٹی کے میئر کازومی ماتسوئی، ہیروشیما سٹی اسمبلی کے اسپیکر تتسنوری موٹانی، ہیروشیما کے ممبران پارلیمنٹ اور اعلیٰ سرکاری افسران، ہندوستانی برادری اور جاپان میں مہاتما گاندھی کے پیروکارموجود تھے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہیروشیما میں مہاتما گاندھی کا مجسمہ عدم تشدد کے خیال کو آگے بڑھائے گا۔ یہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میں نے جاپان کے وزیراعظم کو جو بودھی ورکش تحفے میں دیا تھا وہ یہاں ہیروشیما میں لگایا گیا ہے تاکہ لوگ یہاں آکر امن کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ میں حکومت جاپان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے ہیروشیما میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کی تنصیب اور نقاب کشائی کا موقع دیا۔ ہم سب کو مہاتما گاندھی کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے عالمی فلاح و بہبود کے راستے پر آگے بڑھنا چاہیے۔ یہ مہاتما گاندھی کو حقیقی خراج عقیدت ہوگا۔
اس دوران ہیروشیما کے میئر متسوئی کازومی نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے زندگی بھر عدم تشدد کو اپنایا۔ اس شہر میں ان کے مجسمے کی یہ پیشکش بہت معنی خیز ہے۔ ہماری سوچ مہاتما گاندھی کی پالیسی سے ملتی ہے۔