TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –13 MAY
نئی دہلی، 13مئی:انڈین پریمیر لیگ کے ٹھیک بعد، ہندوستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں کھیلے گی۔ گزشتہ ایڈیشن میں رنر اپ رہنے والی ٹیم انڈیا اس بار آسٹریلیا کے خلاف فائنل کھیلے گی۔ کوہلی کی کپتانی میں ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ہار گئی تھی جب کہ اس بار ٹرافی جیتنے کی ذمہ داری روہت شرما پر ہوگی۔ گواسکر ٹرافی میں خراب فارم کے بعد کے ایل راہل سے نائب کپتانی چھین لی گئی۔آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے بہت اہم ہونے جا رہا ہے۔ مسلسل دوسری بار اس اہم ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیم انڈیا اس بار ٹرافی جیتنا چاہے گی۔ یہ میچ آسٹریلیا کے خلاف 7 سے 11 جون تک انگلینڈ دی اوول میں کھیلا جانا ہے۔ اس وقت ہندوستان کی ٹیسٹ ٹیم میں نائب کپتان کی جگہ خالی ہے۔ کے ایل راہل کو بارڈر گواسکر ٹرافی میں خراب کارکردگی کے بعد اس عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔روہت شرما کے ساتھی اور ٹیم انڈیا کے تجربہ کار بلے باز چیتشور پجارا کو نائب کپتان بنائے جانے کی خبر منظر عام پر آئی ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے انسائیڈ اسپورٹ کو اس کی اطلاع دی ہے۔ چیتشور پجارا ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے اور اس سے تقریباً سبھی واقف ہیں۔ ابھی تک اس معاملہ کے بارے میں کوئی آفیشیل اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے لیے جب حتمی ٹیم آئی سی سی کو بھیجی جائے گی تو چتیشور پجارا کو اس میں نائب کپتان کے طور پر نامزد کیا جائے گا۔ حالیہ کاؤنٹی سیزن میں چیتشور پجارا نے سسیکس ٹیم کے لیے زبردست کھیل دکھایا ہے، انھیں اس فارم میں دیکھنا بہت اچھا ہے۔