پی ایم مودی نے کیا اتراکھنڈ کی پہلی وندے بھارت ٹرین کا افتتاح، دہرادون سے دہلی کا سفر 4.45 گھنٹے میں مکمل ہوگا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –25  MAY

دہرادون،25مئی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو اتراکھنڈ کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کر دیا۔ وندے بھارت ٹرین کے دہرادون سے دہلی کے درمیان صرف 5 اسٹاپیج ہوں گے۔ ان میں ہریدوار، روڑکی، سہارنپور، مظفر نگر اور میرٹھ شامل ہیں۔ ٹرین کی زیادہ سے زیادہ رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ ٹرین دیو بھومی کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے، جو ریاست کی ہمہ جہت ترقی کو رفتار ملے گی۔وزیر اعظم مودی نے یہاں دہرادون ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ ایک پروگرام میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔ وزیر اعظم نے اتراکھنڈ میں ریلوے کی 100 فیصد برقی کاری کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر اتراکھنڈ کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) گرمیت سنگھ، وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، وزیر ریلوے اشونی وشنو، ریاستی حکومت کے وزراء￿ ، مقامی ایم پی، ایم ایل ایز اور میئر موجود تھے۔وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا، ”وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کے لیے اتراکھنڈ کے تمام لوگوں کو بہت بہت مبارکباد۔ دہلی اور دہرادون کے درمیان چلنے والی یہ ٹرین ملک کی راجدھانی کو دیو بھومی سے مزید تیز رفتاری سے جوڑے گی۔ اب وندے بھارت کے ذریعے دہلی-دہرہ دون کے درمیان ریل کے ذریعے سفر کرنے میں لگنے والا وقت بھی کافی کم ہو جائے گا۔‘‘وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وہ ابھی کچھ دیر پہلے ہی تین ممالک کا دورہ کرکے واپس آئے ہیں۔ آج پوری دنیا ہندوستان کی طرف بڑی امیدوں سے دیکھ رہی ہے۔ ہم ہندوستانیوں نے جس طرح سے اپنی معیشت کو مضبوط کیا ہے، اس سے پوری دنیا کا اعتماد پیدا ہوا ہے۔ دنیا کے لوگ ہندوستان کو دیکھنے اور سمجھنے کے لئے ہندوستان آنا چاہتے ہیں۔ ایسے میں اتراکھنڈ جیسی خوبصورت ریاستوں کے لیے یہ بہترین موقع ہے۔ یہ ‘وندے بھارت ٹرین’ بھی اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانے میں اتراکھنڈ کی مدد کرنے والی ہے۔