Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3 MAY
منااکھیلی۔3؍مئی ، سماج نیوز سروس(افسر علی نعیمی ندوی) سابق وزیراعلیٰ آنجہانی ڈاکٹر این دھرم سنگھ کے اکلوتے داماد اور کانگریس پارٹی کے نوجوان قائدجناب چندرسنگھ کوان کی پارٹی مخالف سرگرمیوں کے لئے پارٹی سے 6سال کے لئے خارج کردیاگیاہے۔ چندرسنگھ نے بیدر جنوب سے کانگریس کے باغی (ناراض) امیدوار کی حیثیت سے اپناپرچہ ء نامزدگی داخل کیاہے ۔ ان کاساتھ دینے والے جناب یوسف علی جمعدار نائب صدرضلع کانگریس کمیٹی بیدر کو بھی پارٹی سے خارج کردیاگیاہے۔ بیدر جنوب ہی سے مزید دوافراد نارائن بنگی صدر ایس ٹی سیل بیدر اور وجے کماربرورسابق صدر تعلقہ پنچایت کو بھی پارٹی سے خارج کردیاگیاہے۔ بیدر (شمال) کے ششی چودھی (ٹکٹ کے خواہشمند) اور اوراد(بی) کے لکشمن سورلی (ٹکٹ کے خواہشمند) کو بھی پارٹی نے باہر کاراستہ دکھادیاہے۔ جناب کے رحمن خان کی دستخط سے یکم مئی کو جاری ایک پریس نوٹ میں یہ بات بتائی گئی ہے۔ مختلف اضلاع کے مزید 18افراد کو بھی پارٹی نے خارج کردیاہے۔ جب کہ اور بھی افراد کااخراج ممکن ہے۔اسی سلسلے کی دلچسپ بات یہ ہے کہ بید رجنوب کے کرکنلی دیہات میں چندراسنگھ کی اہلیہ پریہ درشنی چندرسنگھ نے گاؤں کے گھر گھر پہنچ کر اپنے شوہر کے حق میں انتخابی مہم چلائی۔ اور بتایاکہ سلسلہ نمبر 9پر برقی کھمبے کانشان ہے۔اس نشان پر بٹن دباکر اپناقیمتی ووٹ چندرسنگھ کو دیں اور انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ پربھاوتی کرکنلی سمیت گاؤں کی دیگر خواتین نے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ اس بات کی اطلاع عبدالقدیر لشکری نے دی ہے۔