کانگریس کی عقل ماری گئی ہے جو بجرنگ دل پر پابندی لگانے کی بات کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ چوہان

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3 MAY

بھوپال، 3 مئی: کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے منشور میں بجرنگ دل پر پابندی لگانے کے وعدے کے بعد ریاست کی سیاست تیز ہوگئی ہے۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے بجرنگ دل کا دفاع کرتے ہوئے کانگریس پر حملہ بولا۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں کانگریس کی طرف سے جاری کردہ منشور پر بدھ کے روز جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ چوہان نے کہا کہ جاکو پربھو داڑون دکھ دیہی، تاکی متی پہلے ہر لیہی۔ کانگریس کی متی (عقل) ماری گئی ہے جو بجرنگ دل پر پابندی لگانے کی بات کر رہی ہے۔
بجرنگ دل جو کہ ایک مضبوط قوم پرست تنظیم ہے، بجرنگ دل جو دہشت گردی کی مخالفت کرتی ہے، لو جہاد کی مخالفت کرتی ہے، سماجی خدمت سمیت حب الوطنی کے جذبہ کے ساتھ اپنے مذہب اور ثقافت کے تئیں عزت نفس اور بیداری پیدا کرتی ہے اس کا موازنہ پی ایف آئی جیسی دہشت گرد تنظیم سے کی جارہی ہے۔
انہوں نے کانگریس کے پرانے بیانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی کانگریس ہے جس نے بھگوان رام کے مندر کی تعمیر کی مخالفت کی تھی۔ یہ وہی کانگریس ہے جس نے رام سیتو کو خیالی کہا تھا۔ یہ وہی کانگریس ہے جو موقع ملتے ہی ہندوتوا کی مخالفت کرتی ہے۔ ا?ج اس کا چہرہ پوری طرح سے بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کون بھول سکتا ہے کہ مدھیہ پردیش میں سیمی جیسی دہشت گرد تنظیموں کو کھانا اور پانی کون دیتا تھا۔ سرجیکل اسٹرائیک کی مخالفت کرنے والے، دہشت گردوں کی تعریف کرنے والے اب بجرنگ دل پر پابندی لگانے کی بات کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ چوہان نے کمل ناتھ کو گھیرتے ہوئے کہا کہ کمل ناتھ ہنومان جی کے اتنے بڑے بھکت بنتے ہیں، جب کہ ان کی پارٹی کانگریس بجرنگ دل پر پابندی لگانے کی بات کر رہی ہے۔ انہیں اس معاملے پر جواب دینا چاہیے۔