کشتواڑ میں سرگرم دہشت گرد کا ساتھی گرفتار، چینی گرینیڈ برآمد

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –27  MAY

جموں،27 مئی: جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں پولیس نے فوج کی 17 آر آر اور سی آر پی ایف 52 بٹالین کی ٹیموں کے ساتھ چیرجی کشتواڑ سے دہشت گرد تنظیم حزب المجاہدین کے ایک انتہائی سرگرم دہشت گرد کے ساتھی کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ضلع پولیس کشتواڑ کو چیرجی کشتواڑ کے محمد یوسف چوہان ولد محمد عبداللہ چوہان کے دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے بارے میں معلومات موصول ہوئیں۔ اس کے مطابق مقدمہ ایف آئی آر نمبر 117/2023یو /ایس 13/18/39 یواے پی اے، 4/5 سبسٹینس ایکٹ پولیس تھانہ کشتواڑ میں درج کیا گیا اور ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے فوج اور سی آر پی ایف کے ساتھ پولیس کی ٹیمیں تعینات کی جنہوں نے ملزم کو گرفتار کیا اور اس کے انکشاف پر چیرجی علاقے سے ایک چینی گرینیڈ برآمد کیا۔
اس سلسلے میں چیرجی، چیچہ اور پدیارنہ کے علاقے میں بڑا سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے، تاکہ ضلع کے سرگرم دہشت گردوں کو پکڑا جائے۔ قابل ذکر ہے کہ ایس ایس پی کشتواڑ نے نوجوانوں کو خبردار کیا کہ وہ دہشت گردانہ سرگرمیوں سے دور رہیں جس سے اِن کا مستقل برباد ہو جائے گا۔ پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کے بارے میں پولیس کو آگاہ کریں تاکہ اْن کے خلاف فوری جوابی کارروائی کی جائے۔