ہفتہ وارجانچ امتحان سے طلباء کی تیاریوں کا ہوتا ہے اندازہ:پروفیسر مشتاق احمد

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –15  MAY

دربھنگہ۔سی ایم کالج ، دربھنگہ میں چل رہے مفت اقلیتی کوچنگ مرکز میں اتوار کوہفتہ وار جانچ امتحان کا انعقاد کیا گیا ۔ اس امتحان میں کوچنگ میں زیر تعلیم طلبا وطالبات نے حصہ لیا۔ کوچنگ کے ڈائرکٹر و للت نرائن متھلا یونیورسیٹی کے رجسٹرار پروفیسر مشتاق احمد نے بتایا کہ کوچنگ میں طلباء کا ہفتہ وار جانچ امتحان لیا جاتا ہے جس کا مقصد زیر تعلیم طلباء وطالبات کی تیاری کا اندازہ کرنا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹسٹ کے نتیجے کے مطابق طلبا وطالبات کی ضروری رہنمائی کی جاتی ہے ۔ اس جانچ امتحان میں طلبا کی شرکت لازمی کی گئی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ گذشتہ امتحانات میں اس مرکز کے طلباء نے شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ واضح ہو کہ ریاست کے محکمہ اقلیتی فلاح وبہبود، حکومتِ بہار،پٹنہ اور نوڈل ایجنسی مولانا مظہرالحق عربی وفارسی یونیورسیٹی ، پٹنہ کے زیر اہتمام سی ایم کالج ، دربھنگہ میں اقلیت طبقے کے طلبا وطالبات کے لئے مختلف مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاریوں کے لئے مفت کوچنگ مرکز کا نظم کیا گیاہے ۔فی الحال یہاں طلبا کو سی ٹیٹ کی تیاری کرائی جارہی ہے ۔ واضح ہو کہ اس بار سی ٹیٹ کا امتحان جولائی ماہ میں ہونا طے ہے اس طرح ہر اتوار کو جانچ امتحان لیا جاتا رہے گا اور سی ٹیٹ کی تیاری کرنے والے تمام امیدواروں کو ذہنی طورپر تیار کیا جائے گا کہ وہ اس تین ماہ کی مدت میں اپنی تمام تر کمیو ں کو دور کرلیں اور کلاس میں اساتذہ کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے تمام ممکنہ سوالات کے جوابات تیار کرلیں تاکہ امتحان میں ان کی کامیابی صد فیصد یقینی ہو سکے۔جانچ امتحان کے دوران کالج کے پرنسپل ڈاکٹر اشوک کمار پودار،ڈاکٹر بشیر احمد، محمد رضا ء اللہ،محمد اقبال احمد، محمد سہیل، بپن کمار سنگھ وغیرہ موجود تھے ۔