ہند-پاک سرحد پر دراندازی کو روکنے کیلئے، 42 نئی سرحدی پولیس چوکیاں قائم

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –13  MAY

جموں وکشمیر، 13 مئی:جموں و کشمیر میں دراندازی کی روک تھام کے دوسری سطح کے نظام کو مزید مستحکم کرنے کی غرض سے ایک حکم کے مطابق ہند۔ پاکستان سرحد پر سرحدی پولیس کی 42 نئی چوکیوں کیلئے پولیس اہلکاروں کی 600 سے زیادہ اسامیوں کی منظوری دی گئی ہے۔ نئی سرحدی پولیس چوکیوں پر اہلکاروں کی خاطر خواہ تعداد سے دراندازی کی روک تھام کے نظام کو وسیع پیمانے پر تقویت فراہم ہوگی۔سرحدی پولیس چوکیاں اسلئے بھی اہمیت کی حامل بن گئی ہیں، کیونکہ یہ جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن پر ملی ٹینٹوں کی دراندازی روکنے، ڈرونز کی موجودگی اور ملی ٹینٹس کی طرف سے کسی بھی نامناسب سرگرمی نیز منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے بین الاقوامی سرحد پر تعینات بی ایس ایف کے پیچھے دفاع کی دوسری لائن کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ سرحدی پولیس کی 42 چوکیوں میں سے بیشتر تشکیل دی جاچکی ہیں، جبکہ دیگر ابھی عمل کے مرحلے میں ہیں۔ یہ بی پی پیز، جموں، سانبا، کٹھوعہ، راجوری اور پونچھ ضلعوں نیز کشمیر وادی کے بارہمولہ اور کپواڑہ ضلعوں میں قائم کی جارہی ہیں۔