اس سال مئی میں لگی ساون کی جھڑی، موسم خوشگوار

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 2 MAY

نئی دہلی، 2 مئی: اس سال ملک میں برسوں کے بعد مئی میں موسم خوشگوار ہے۔آگ برسانے والا سورج بھی بادلوں کیآڑ میں ہے۔ ساون کی جھڑی لگی ہوئی ہے۔ وقفے وقفے سے ہورہی بارش سے پارہ کافی نیچے چلا گیا ہے۔ہندوستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے تین دن تک صورتحال کم و بیش ایسی ہی رہے گی۔ اس بے موسمی بارش نے زراعت کو تباہ کر دیا ہے۔ کل (پیر) قومی راجدھانی دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 13 ڈگری کم ہے۔ ایسا درجہ حرارت عموماً اکتوبر اور نومبر میں رہتا ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 19.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے جو معمول سے پانچ ڈگری سیلسیس کم ہے۔ کل صبح 8.30 بجے سے شام 5.30 بجے تک 14.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔قابل ذکر ہے کہ دہلی میں مئی کے مہینے میں اوسط بارش 19.7 ملی میٹر ہے۔ لیکن مہینے کے پہلے ہی دن اس کا تقریباً 70 فیصد کوٹہ مکمل ہو گیا۔