امریکہ کی جانب سے پی ٹی آئی کارکن خدیجہ شاہ تک قونصلر رسائی دینے کی اپیل

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –7 JUNE

واشنگٹن،7جون:امریکہ نے پاکستانی حکام سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کارکن اور دوہری شہریت رکھنے والے نامور فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کو کونسلر رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ان کے سفارت کاروں کو لگڑری فیشن برانڈ ایلان کی بانی خدیجہ شاہ تک رسائی حاصل نہیں ہے۔نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے کہا کہ جب کوئی امریکی شہری گرفتار ہوتا ہے تو ہم ان کی ممکنہ مدد کے لیے تیار رہتے ہیں اور ہم پاکستانی حکام سے توقع رکھتے ہیں کہ ان زیرحراست لوگوں کا منصفانہ ٹرائل یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ خدیجہ شاہ کو کونسلر رسائی دی جائے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران اشارہ دیا کہ مزید امریکی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔خدیجہ شاہ سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی اور سابق ا?رمی چیف ا?صف نواز جنجوعہ کی نواسی ہیں، جن کے پاس امریکی شہریت بھی ہے۔: سوشل میڈیا یاد رہے نو مئی کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی نیب کے ہاتھوں مبینہ کرپشن کیسز میں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن کے دوران آرمی تنصیبات پر حملوں کے ساتھ ساتھ دیگر قومی ونجی املاک کو بھی جلایا گیا تھا۔لاہور میں جناح ہاؤس پر حملہ کیس میں مبینہ طور پر ملوث افراد میں سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی اور سابق آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ کی نواسی خدیجہ شاہ بھی شامل ہیں، جن کے پاس امریکی شہریت بھی ہے۔خدیجہ شاہ نے 23 مئی کو خود کو پولیس کے حوالے کیا تھا اور اگلے ہی دن پولیس نے انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر کے ان کا ریمانڈ حاصل کیا تھا۔ وہ اس وقت جیل میں ہیں اور ان کے مقدمے کی سماعت جاری ہے۔