جھڑپوں کے باعث خرطوم ایئرپورٹ کے ہولناک مناظر، طیارے اور گاڑیاں تباہ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –2  JUNE

جنگ بندی کی خلاف ورزی کے باعث سوڈانی فوج اور آر ایس ایف میں مذاکرات معطل کیے جا چکے

خرطوم ،2جون: سوڈان میں فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جاری لڑائی کے باعث خرطوم ایئرپورٹ ویران ہوگیا اور وہاں تباہی کے مناظر دکھائی دینے لگے ہیں۔ کئی مقامات سے عمارت کے ساتھ ساتھ طیارے اور گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔ دارالحکومت میں ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں خرطوم ایئرپورٹ کے انفرا سٹرکچر میں بڑے پیمانے پر پھیلی تباہی کے مناظر ریکارڈ کیے۔ مرکزی مسافر ٹرمینل، طیارے اور ہوائی اڈے کی جگہ پر موجود درجنوں گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔مملکت سعودی عرب اور امریکہ نے ایک مشترکہ بیان میں جمعرات کو سوڈان کے تنازعے کے دونوں فریقوں کے درمیان جدہ مذاکرات کو معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز بار بار جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی تھیں جس کے باعث مذاکرات کو معطل کیا گیا۔تاہم سعودی عرب اور امریکہ نے کہا کہ اگر دونوں سوڈانی فریق اعتماد پیدا کرنے کے لیے ضروری اقدامات پر عمل کرتے ہیں تو مذاکرات دوبارہ شروع کیے جا سکتے ہیں۔سعودی عرب اور امریکہ کے مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا کہ تنازع کے دونوں فریق سوڈانی عوام کے مفادات کی نمائندگی کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن ان کے اقدامات سے سوڈانیوں کے مصائب میں اضافہ ہوا ہے اور قومی یکجہتی اور علاقائی استحکام کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔امریکہ نے جمعرات کو سوڈان میں تشدد کو ہوا دینے والے اشتعال انگیز بیانات دینے والے عناصر پر بھی پابندیاں عائد کی تھیں اور کہا تھا کہ تنازع کے دونوں فریق جنگ بندی معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ کہ وائٹ ہاؤس نے متعدد سوڈانیوں پر ویزا پابندیاں عائد کردی ہیں۔ جن افراد پر پابندیاں لگائی گئیں ان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے اہلکار اور صدر عمر البشیر کی سابق حکومت کے ارکان شامل ہیں۔امریکی محکمہ خزانہ نے پابندیوں کی فہرست میں 4 کمپنیوں کو شامل کرنے کا انکشاف بھی کیا۔ جن کمپنیوں پر پابندی لگائی گئی ان میں کمپنی ’’ الجنید‘‘ ، کمنپی ’’ ٹریڈف‘‘ ، ’’ سوڈانی ڈیفنس انڈسٹریز سسٹم ‘‘ اور ’’ سوڈان ماسٹر ٹیکنالوجی‘‘ شامل ہیں۔