TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –8 JUNE
رملہ ،8جون: مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی شہر رام اللہ میں جمعرات کے روز اسرائیلی فورسز کی جانب سے ایک غیر معمولی چھاپہ مار کارروائی شروع کی گئی جس کا مقصد پولیس کے مطابق ایک حملہ آور کے گھر کو مسمار کرنا تھا۔ایک عینی شاہد کے حوالے سے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایک بڑا فوجی قافلہ فلسطینی حکومت کے مرکز رام اللہ شہر کے وسط میں پہنچا تو سینکڑوں فلسطینی علاقے میں جمع ہو گئے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ چند فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کیا۔ صہیونی فورسز نے ہجوم پر براہ راست گولیاں، سٹن گرنیڈز فائر کئے اور آنسو گیس کی شیلنگ کی، کنٹینرز کو آگ لگا دی۔ علاقے میں ایمبولینس کے سائرن بجنے کی آوازیں سنائی دینے لگیں۔فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ تقریباً چھ افراد کو علاج کے لیے ہسپتال لایا گیا ہے جن میں سے تین گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے صہیونی فوجی دستے رام اللہ میں اس فلسطینی کے گھر کو مسمار کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں جس نے مبینہ طور پر گذشتہ نومبر میں القدس میں بمباری کی تھی۔اس حملے میں دو دھماکوں میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں ایک اسرائیلی – کینیڈین نوجوان بھی شامل تھا۔ کم از کم 14 دیگر زخمی ہوئے تھے۔تحریک فتح میں آرگنائزیشن کمیشن کے ترجمان عبدالفتاح دولہ نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کے گھر مسماری کر کے انہیں ایک اجتماعی سزا دے رہا ہے۔ اسرائیل کی یہ کارروائیاں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔ عالمی برادری کو ان جرائم کو روکنے اور مجرموں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کے لیے فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیے۔فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل جنوری سے اب تک کم از کم 158 فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسی عرصے میں فلسطینی حملوں میں 20 اسرائیلی اور دو غیر ملکی شہری مارے گئے۔