TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –7 JUNE
نئی دہلی، 7 جون : ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم نے جاپان کے کاکامیگہارا میں جاری ویمن ایشیا کپ 2023 میں اپنی مہم کا آغاز سنسنی خیز انداز میں کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے ابتدائی دو میچ جیتے جبکہ تیسرے میچ میں کوریا کے خلاف 2-2 سے ڈرا کھیلا ہے ۔ ہندوستان نے اپنے افتتاحی میچ میں ازبکستان کے خلاف 22-0 کی شاندار فتح درج کی۔ اس کے بعد ملیشیا کے خلاف 2-1 سے جیت درج کی اور کوریا کے خلاف 2-2 سے ڈراکھیلا۔
اب، جمعرات کو ہندوستانی جونیئر خواتین کی ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے چائنیز تائپے سے مقابلہ کرے گی۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اس وقت پول اے ٹیبل میں تین میچوں میں سات پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور چائنیز تائپے کے خلاف اپنے آخری گروپ مرحلے کے کھیل میں جیت اسے ٹورنامنٹ کے آخری چار میں لے جائے گی۔
اس اہم مقابلے سے قبل، ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان پریتی نے کہا، ’’ٹورنامنٹ اب تک ہمارے لیے اچھا رہا ہے کیونکہ ہم نے اب تک ایک بھی میچ نہیں ہارا ہے۔ ملیشیا اور کوریا کے خلاف قریبی مقابلے ہوئے تھے، لیکن اس نے ہمیں اپنی طاقت ثابت کرنے کا موقع فراہم کیاکیونکہ ہم نے دونوں میچوں میں پہلے گول کھانے کے بعد واپسی کی‘‘۔
انہوں نے مزید کہا،’’ہم اپنے منصوبوں اور ہدف کو مسلسل ذہن میں رکھتے ہیں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ہم کسی بھی حریف کے خلاف ثابت قدم رہیں۔ ہم خواہ کتنے بھی چیلنجزکا سامنا کریں، ہم اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے اور اپنی منصوبہ بندی کے تئیں وقف رہنے کے لئے پرعزم ہیں‘‘۔
بھارتی جونیئرخواتین ہاکی ٹیم کی حالیہ فارم کو دیکھتے ہوئے، ہندوستان کو چینی تائپے کو ہرانے میں زیادہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا چاہئے، جس نے ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے اور پول اے میں صرف تین پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم 8 جون کو اپنے چوتھے اور آخری پول اے میچ میں چائنیز تائپے سے مقابلہ کرے گی۔ یہ میچ دوپہر 12:30 بجے شروع ہوگا۔